اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول (جلد سوم حصہ دوم) — Page 92
الازهار لذوات الخمار جلد سوم حصہ دوم 92 جلسہ سالانہ برطانیہ 2007 مستورات سے خطاب محلے میں ایک جگہ پر عورتوں کو اکٹھا کیا گیا اور ان کی سردار بھی ایک عورت ہی بنائی گئی جو بھیرے کی رہنے والی تھی۔اُس عورت نے مردوں سے بھی زیادہ بہادری کا نمونہ دکھایا۔ان عورتوں کے متعلق یہ خبریں آئی تھیں کہ جب سکھ اور ہندو جو ہندوؤں کو جو تلواروں اور بندوقوں سے ان پر حملہ آور ہوتے تھے ، جب حملہ کرتے تھے تو یہ عورتیں بھگا دیتی تھیں اور سب سے آگے وہ عورت ہوتی تھی جو بھیرے کی رہنے والی تھی اور وہ اُن کی سردار بنائی گئی تھی۔یہ نہیں کہ سردار بن کے پیچھے رہ رہی ہے، سب سے آگے سردار تھی۔اور اب بھی وہ عورت اس زمانے میں جب بیان کیا، زندہ تھی، عورتوں کو سکھاتی تھی کس طرح لڑنا ہے۔وہ جو عورت تھی جس نے یہ جرات دکھائی اس عورت کے دل میں یہ جوش یقیناً اس کے جوش ایمانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پس یہ نمونے ہمیں اس یقین پر مزید قائم کرتے چلے جانے والے ہونے چاہئیں کہ اصل زندگی خدا تعالیٰ کی رضا ہے۔آج ہم نے اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ان نمونوں پر قائم رہنا ہے اور اپنی نسلوں میں قائم رکھنا ہے تا کہ اس فیض سے محروم نہ رہیں جو اپنے ایمان کی اعلی مثالیں قائم کر کے اولین نے حاصل کیا تھا اور جو آج بھی مسیح محمدی کے ماننے والے حاصل کر رہے ہیں۔پس پاک دل اور صاف روح ہو کر قربانیوں میں آگے سے آگے بڑھتی چلی جائیں اور اپنی روایات کو کبھی نہ چھوڑیں اور اپنی نسلوں کے ذہنوں میں بھی یہ احساس بٹھاتی چلی جائیں کہ تمہاری زندگی کا مقصد خدا تعالیٰ کی رضا ہونا چاہیے۔اور اس کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار رہو۔میں پھر ایک بار کہتا ہوں کہ اے احمدی عور تو اور اے بچیو اور خاص طور پر وہ بچیو جنہوں نے اپنے آپ کو وقف کیا ہے اور وقف نو میں شامل ہو! تمہیں اللہ تعالیٰ نے امام وقت کے دور کی ام عمارہ بنے کا موقع دیا ہے، سب کچھ بھول جاؤ اور اسلام کے خلاف جنگ میں، جو براہین اور دلائل کی جنگ ہے، اپنے آپ کو تیار کر کے دشمن پر جھپٹ پڑو۔دنیا کی چھوٹی چھوٹی لالچوں کو بھول جاؤ اور صرف اور صرف ایک خیال رکھو کہ آج ہم نے دنیا کو حضرت محمد مصطفی ﷺ کے جھنڈے کے نیچے لا کر کھڑا کرنا ہے۔