نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 196 of 358

نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام — Page 196

ہو یا نہیں؟پھر یہ بھی مانتے ہو کہ نہیں کہ وہی موت دیتا ہے۔اگر مانتے ہو تو بتاؤ مخلوقات میں ہزاروں عورتیں بچے والیاں بیمار ہوتی ہیں ہزاروں مرتی ہیں اور ان کے بچے بلبلاتے ہیں ان کی دردناک آوازیں آپ کو بے چین وبے قرار کرتی ہیں یا نہیں۔اگر آپ کو بے قرار کرتی ہیں تو خدا کو کہو کہ ایسا انتظام تونے کیوں کر رکھا ہے؟ نیز تمہاری گائیں اور بکریاں باہر چرنے کوجاتی ہیں اور تم لوگ اپنے دودھ کے طمع سے ان کے بچوں کو مادہ سے الگ کر دیتے ہو اور وہ بے قرار بلبلاتے اور چلاتے ہیں مگر تم لوگ ذرا پروا اپنی طمع کے لئے نہیں کرتے اور ہر روز یہی معاملہ درپیش ہے۔نیز گاؤ ماتا کے خاوند صاحب کو صبح سے اپنے اقسام اقسام کاموں اور ہل میں لگاتے ہو اور دوپہر تک چابک مارتے اور اس پر کیسے کیسے آوازے کستے ہو کہ الامان! تم کو رحم نہیں آتا کہ کھیتی باڑی چھوڑا دو اور بچوں اور ان کی ماؤں کو آزاد کرو۔تمہاری گاؤ ماتا کے خاوند اور ٹٹوجن عذابوں میں گرفتار ہیں کیا وہ ذبح سے کم ہے؟ آیات کا مطلب تو صاف ہے۔پہلی آیت کا مطلب یہ ہے کہ عزت والی مسجد کے پاس ان سے (مکہ والوں سے)جنگ مت کرو۔جب تک وہ تم سے وہاں جنگ نہ کریں۔اس آیت کامنشاء صرف یہ ہے کہ عبادت گاہ مقام جنگ نہیں اور دوسری آیت کامنشاء یہ ہے کہ حالت احرام میں شکار مت کرو۔احرام کی حالت حج کی عبادت میں داخل ہونے کا نشان ہے اور ظاہر ہے کہ عبادت کے وقت شکار کا وقت نہیں۔بیت اللہ کو خدا کا گھر کہنے پر اعتراض بھی عجیب ہے۔اوّل۔تو اس لئے کہ تمہارے منّو کے پہلے ادّھیانمبر ۱۰۔اشلوک میں ہے۔سنسکرت میں پانی کو نارا کہتے ہیں وہ پہلے پرماتما کاگھر تھا اس وجہ سے پرماتما کوناراین کہتے ہیں۔دویم۔اس لئے کہ آپ کے یہاں لکھا ہے ہمیشہ سرشٹی کے پہلے چار آدمیوں کے ہردے پرمیشور کا گیان ویدجلوہ گر ہوا تو کیا دوسرے تمہارے بزرگ لوگوںکے ہردوں میں شیطانی گیان تھا۔سوم۔نسبت تو دوسرے تعلق سے پیدا ہوجاتی جیسے تم اب سماجی ہو یا ہم عربی ہیں۔اس طرح