نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 242 of 358

نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام — Page 242

جب نطفہ فضا ء فرج میں جاتاہے تو اس میں سے اسپر ماٹوزوا الگ حرکت کرتے ہیں تو بہت سارے اسپرمسیٹوزوا رحم میں چلے جاتے ہیں اور ان میں سے ایک اس کرّہ میں جو خصیۃ الرحم سے آتاہے داخل ہوجاتا ہے پھر اس نشوونما میں جو غالباً رحم میں ہوتاہے یہ کرّہ جو مجموعہ دو چیزوں اسپرماٹوزون اور ادووم کا ہے منقسم ہونا شروع ہوتاہے۔اسی طرح ایک سے دو۔دو سے چار۔چار سے آٹھ۔آٹھ سے سولہ۔اس طرح بے شمار کرات بن جاتے ہیں اور ان سے تین دائرہ نما پردے بنتے ہیں جن میں سے صرف ایک ضلع بچہ بننے کو مخصوص ہو جاتا ہے اور باقی سے جھلیاں وغیرہ بن کر آخر الگ ہوجاتی ہیں کوئی ہے جو بتاوے کہ وہ ضلع کس کے اجزا میں سے نشوونما یافتہ ہے۔پھر خط وخال عادات واطوار۔معتقدات ویقینیات میںیہ نظارہ دیکھتے ہیں کہ کوئی لڑکا اپنے باپ کے رنگ وروپ۔اخلاق وعادات پر ہوتا ہے یا باپ کے خاندان پر اور کوئی ماں یا ماں کے خاندان پر خط وخال۔اخلاق وعادات میں ہوتاہے بعض کی حالت دونوں میں مشترک۔ادھر قرآن کریم میں پاتے ہیں کہ حضرت زکریا بالکل بوڑھے تھے اور ان کی بیوی بانجھ تھی گویا ان کی پیدائش عام نظارہ ہائے قدرت سے الگ تھی اور ان کے بعد حضرت مسیح کا قصہ بیان فرمایا ہے۔گویا ترقی ان مظاہر قدرت میں بتائی ہے کہ اللہ تعالیٰ جس طرح اور جس کی جزو میں چاہتا ہے بناتا ہے۔سوال نمبر۷۵۔قوم لوط کی بستیاں الٹ کر پھینک دیں۔پتھروں کا مینہ برسایا جبرائیل نے پروں سے وہ شہر الٹادیا۔الجواب۔پھر کیا الٰہی کاموں میں یہ بڑی بات ہے تمہارے مذہب کی روسے تمام پرتھوی تباہ ہو جاتی ہے سب کچھ جل بن جاتا ہے اور جل بھی تباہ ہو جاتا ہے تو آگ بن جاتا ہے۔سو وہ بھی تباہ ہو کر ہوا بن جاتا ہے پھر وہ بھی تباہ ہوجاتی ہے بلکہ سب کچھ تباہ ہو کر صرف ایشورسا مرتہیہ ہی باقی رہ جاتی ہے۔بدکاروں شریروں کے لئے ایسے نمونے ہمیشہ موجود رہتے ہیں کیا تم نے جاوا۔پمپاے کی تباہی کی آگہی حاصل نہیں کی اور جاوا سینٹ پیری تو انہیں دنوں کے واقعات ہیں۔