نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام — Page 4
گئے بلکہ جو مکانات تجویز کئے ان کے قیام و بقا کا دعویٰ نہیں کیا گیا اور اگر بفرض محال دعویٰ کیا گیا تو باطل ثابت ہوا۔بیت الشمس افریقہ کا اور پٹرامون یونا ن کا۔ایاصوفیا روم کا۔آتش کدہ آذرکا۔سومنات جگن ناتھ۔کانشی۔متھرا۔گیاامر ناتھ وغیرہ وغیرہ کچھ کم نہیں گزرے۔ان میںسے بعض تو نیست ونابود ہی ہو گئے اور بعض مخالفوں کے مفتوح ہیں۔اپنے پرستاروں کے لئے مأمن نہیں رہے اور چونکہ امن ہمیشہ خوف کے مقابلہ میں ہوا کرتا ہے اور دنیا میں ایک ہی عظیم الشان مذہبی خوف تھا جس کا ذکر کتب سابقہ یہود و نصارٰی میں ہے اور صرف وہ ایک ہی فتنہ الٰہی حکمتوں سے مقدر تھا جس سے پناہ مانگنا ہم کو سکھایا گیا۔وہ فتنہ ہے دجال کا فتنہ۔اب دیکھو دجال اگر دجالہ لفظ سے نکلا ہے جیسے قاموس اور اس کی شرح میں ہے تو وہ ایک فرقہ عظیمہ (کمپنی) کانام ہے جو اپنے مال ومتاع کو تجارت کے لئے پھیرے اور اگر کسی کذب و افتراء والے کا نام ہے تو اس سے زیادہ کیا افتراء ہو گا کہ عورت کا بچہ خدا کا بیٹابلکہ خدا بلکہ جامع روح القدس خدا اور روح الابن خدا اور خدائے مجسم اور روح الانسان مانا ہی نہیں گیا بلکہ اس اعتقاد کی طرف کھینچنے کے لئے اربوں روپیہ پانی کی طرح ہر روز بہایا جاتا ہے۔شراب جو جماع الاثم کیا معنے؟ تمام بدکاریوںکا جامع ہے۔ان خداؤں کے مجموعہ کے خون کے بدلہ یادگار کے طور پر مذہبی رسم یا عبادت کے وقت پیا اور پلایا جاتا ہے۔النساء حبائل الشیطان (کچھ عورتیں شیطان کا کمند ہیں)کو اس کام پر لگایا گیا۔اس کام کے واسطے مشنری ہسپتال بنائے گئے۔میںنے ایک پرانی مشہور کنچنی سے پوچھا تھا کہ تمہارا پیشہ جو قطعاً قویٰ فطریہ انسانیہ کے خلاف ہے اور ان کا دشمن ہے۔مجھے معلوم نہیں ہو سکتا کہ کس طرح پیدا ہو گیا؟ تو اس تجربہ کار نے مجھے جواب دیا۔قربان جاؤں !خوش خوراک خوش پوشاک مرد اور با این ہمہ خواہشات پھر کاہل و سست یہ پیشہ اختیار نہ کرے تو کیا کرے ؟مگر اس بیان کے بعد ثابت ہو گیا کہ دام مارگیوں ساکتوں نے مذہبی رنگ میں اس فرقہ کو عورتوں کے جنم سدہارنے