نُورِ ہدایت — Page viii
جواہرات کے یہ خزانے اپنے حسن و رعنائی اور چمک دمک میں بے نظیر اور اپنی وسعت و گہرائی میں بیکراں اور لازوال اور لامتناہی ہیں۔اور ضرورتِ زمانہ اور اقتضائے حال کے مطابق ان کا ظہور ہوتا چلا جاتا ہے۔ان پاک وجودوں کی بیان فرمودہ آسمانی اور نورانی تفسیر القرآن کے ہزار ہا صفحات پر مشتمل مواد میں سے یہ انتخاب محض بطور نمونہ کے ہے۔امید ہے کہ اس کا مطالعہ افراد جماعت کے دلوں میں نہ صرف قرآن کریم کی محبت اور اس کے عرفان میں اضافہ کا موجب ہو گا بلکہ ان کے اندر حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفائے کرام کے فرمودات اور تحریرات کے بالاستیعاب مطالعہ اور تدبر قرآن اور فہم و تعلیم قرآن کے لئے ایک ذوق اور شوق پیدا ہوگا اور وہ انوار قرآنی سے اپنے قلوب و اذہان اور اپنے وجودوں کو منور کر کے اس نورِ ہدایت کو آگے پھیلاتے ہوئے خیر الرسل ، خاتم الانبیاء حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس نہایت ہی مبشر و مبارک نوید کا مصداق بنے کی ہر ممکن سعی کریں گے جس میں آپ نے اپنی امت سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا تھا کہ خَيْرُكُمْ مَّنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمہ یعنی تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جو پہلے خود قرآن سیکھے اور پھر دوسروں کو بھی سکھائے۔اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو۔خاکسار نصیر احمد قمر ( ایڈیشنل وکیل الاشاعت۔لندن ) نومبر 2017ء VIII