نُورِ ہدایت

by Other Authors

Page 1102 of 1207

نُورِ ہدایت — Page 1102

اپنی پیاری راگنیاں گانے لگے۔غرض انسان حیوان ، چرند، پرند،سب پر خود بخود ایک قسم کا اثر ہو جاتا ہے اور جوں جوں روشنی زور پکڑتی جاتی ہے توں توں سب ہوش میں آجاتے ہیں۔گلی، کوچے، بازار، دکانیں، جنگل، ویرانے سب جو کہ رات کو بھیا نک اور سُنسان پڑے تھے۔ان میں چہل پہل اور رونق شروع ہو جاتی ہے۔گویا یہ بھی ایک قسم کی قیامت اور حشر کا نظارہ ہوتا ہے۔خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ فالق الاصباح میں ہوں۔اس چھوٹی سی سورۃ میں اللہ تعالیٰ نے لفظ فلقی کے نیچے باریک در بار یک حکمتیں رکھی ہیں اور انسان کو ترقی کی راہ بتائی ہے کہ دیکھو جب کوئی چیز میرے قبضہ قدرت اور ربوبیت کے ماتحت آجاتی ہے تو پھر وہ کس طرح ادنی اور ارذل حالت سے اعلیٰ اور اعلیٰ بن جاتی ہے۔پس انسان کو لازم ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ان صفات کو مد نظر رکھ کر اور اس کی کامل قدرت کا یقین کر کے اور اس کے اسماء اور صفات کا ملہ کو پیش نظر رکھ کر اس سے دعا کرے تو اللہ تعالیٰ ضرور اسے بڑھاتا اور ترقی دیتا ہے۔مِن شَرِّ مَا خَلَقَ مخلوقِ الہی میں بعض چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں کہ بعض اوقات انسان کے واسطے مضر ہو جاتی ہیں اُن سے بھی اللہ تعالیٰ ہی بچا سکتا ہے کیونکہ وہ بھی خدا ہی کے قبضہ قدرت میں ہیں۔وَمِن شَرِ غَاسِقٍ إِذَا وَقَبَ اور اندھیرے کے شر سے جب وہ بہت اندھیرا کر دیوے۔ہر اندھیرا ایک تمیز کو اٹھاتا ہے۔جتنے بھی موذی جانور ہیں۔مثلاً مچھر، پتو،کھٹمل، مجوں، ادنی سے اعلیٰ اقسام تک کل موذی جانوروں کا قاعدہ ہے کہ وہ اندھیرے میں جوش مارتے ہیں اور اندھیرے کے وقت ان کا ایک خاص زور ہوتا ہے۔ظلمت بھی بہت قسم کی ہے۔ایک ظلمت فطرت ہوتی ہے۔جب انسان میں ظلمت فطرت ہوتی ہے تو اس کو ہزار دلائل سے سمجھاؤ اور لاکھ نشان اس کے سامنے پیش کرو وہ اس کی سمجھ میں ہی نہیں آسکتے۔ایک ظلمت جہالت ہوتی ہے۔ایک ظلمت عادت۔ظلمت رسم _ ظلمت صحبت _ ظلمت معاصی۔غرض یہ سب اندھیرے ہیں۔دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ ان سب سے محفوظ رکھے۔1102