نماز اور اس کے آداب — Page 78
78 نماز تسبیح (صلوة التسبيح) ترمذی اور بعض دوسری احادیث کی کتب میں صلوۃ التسبیح کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے۔یہ نماز نفل ہے حسب ضرورت و توفیق یہ نماز ہر روز ، ہر ہفتہ، ہر ماہ یا سال یا عمر میں ایک بار اوقات ممنوعہ کے علاوہ کسی وقت بھی پڑھی جا سکتی ہے۔اس کی چار رکعت پڑھی جائیں۔طریق صلوۃ التسبیح ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ اور کوئی دوسری سورۃ پڑھنے کے بعد پندرہ دفعہ سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ! وَلَا اله الالله وَاللهُ أَكْبَرُ پھر رکوع میں تسبیحات کے بعد، رکوع سے کھڑے ہو کر سمیع و تحمید کے بعد ، ہر سجدہ میں تسبیحات کے بعد دعائے بین السجدتین (یعنی سجدوں کے درمیان کی دعا) کے بعد ،اور ہر رکعت کے دوسرے سجدے کے بعد بیٹھ کر دس دس دفعہ یہی مندرجہ بالا دعا (ذکر) کرے۔اس طرح گویا ایک رکعت میں پچھتر بار اور چار رکعتوں میں تین سو بار یہ ذکر دہرایا جاتا ہے۔نوٹ : نوافل کے بارے میں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان کی افادیت اور اہمیت فرائض کے بعد ہے۔جب انسان فرائض بابت حقوق اللہ اور حقوق العباد کما حقہ ادا کرتا ہے اور اسکے بعد نوافل بھی ادا کرتا ہے تو پھر یہ اس کیلئے عین روحانی ترقی کا باعث ہے اور یہ نوافل اسکے فرائض کی نگہداشت کرتے ہیں اور ثواب کا باعث ہیں۔