منتخب تحریرات

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 36 of 51

منتخب تحریرات — Page 36

وفاداری کے نمونے اس درجہ پر ظہور میں آئے کہ دوسری قوموں میں ان کی نظیر ملنا مشکل ہے۔اس وفا دار قوم نے تلواروں کے نیچے بھی اپنی وفاداری اور صدق کو نہیں چھوڑا بلکہ اپنے بزرگ اور پاک نبی کی رفاقت میں وہ صدق دکھلایا کہ کبھی انسان میں وہ صدق نہیں آ سکتا جب تک ایمان سے اس کا دل اور سینہ منتو رنہ ہو۔غرض اسلام میں جبر کو دخل نہیں۔(روحانی خزائن جلد ۵ مسیح ہندوستان میں صفحہ ۱۱- ۱۲) تمام سچے مسلمان جودُنیا میں گذرے کبھی ان کا یہ عقیدہ نہیں ہوا کہ اسلام کو تلوار سے پھیلانا چاہیئے بلکہ ہمیشہ اسلام اپنی ذاتی خوبیوں کی وجہ سے دنیا میں پھیلا ہے۔پس جولوگ مسلمان کہلا کر صرف یہی بات جانتے ہیں کہ اسلام کو تلوار سے پھیلانا چاہیئے وہ اسلام کی ذاتی خوبیوں کے معترف نہیں ہیں۔دعا (روحانی خزائن جلد ۱۵ تریاق القلوب حاشیه صفحه ۱۶۷) جب اللہ تعالیٰ کا فضل قریب آتا ہے تو وہ دعا کی قبولیت کے اسباب بہم پہنچا دیتا ہے۔دل میں ایک رقت اور سوز و گداز پیدا ہو جاتا ہے لیکن جب دعا کی قبولیت کا وقت نہیں ہوتا تو دل میں اطمینان اور رجوع پیدا نہیں ہوتا۔طبیعت پر کتنا ہی زور ڈالومگر طبیعت متوجہ نہیں ہوتی۔اُس کی وجہ یہ ہے کہ کبھی خدا تعالیٰ اپنی قضاوقدر منوانا چاہتاہے اور کبھی دعاقبول کرتا ہے اس لئے میں تو جب تک اِذن الہی کے آثار نہ پالوں قبولیت کی کم امید کرتا ہوں اور اُس کی قضا و قدر پر اس سے زیادہ خوشی کے ساتھ جو قبولیت دعا میں ہوتی ہے راضی ہو جاتا ہوں کیونکہ اس رضا بالقضا کے ثمرات اور برکات اس سے بہت زیادہ ہیں۔( ملفوظات جلد اول صفحه ۴۶۰)