مِرقاتُ الیقین فی حَیاتِ نورالدّین — Page 17
16 عثمانی کی خدمت میں میرا سلام پہنچا۔اللہ میاں! میں نے حضرت امام غزالی کی احیاء العلوم - حضرت شیخ سید عبد القادر جیلانی کی فتوح الغیب اور حضرت مولانا محمد اسماعیل صاحب شہید کی تقویتہ الایمان سے بہت فائدہ اٹھایا ہے۔میری طرف سے ان کو بہت بہت سلام پہنچے۔اے میرے پیارے خدائے تعالیٰ تیرے پیارے مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے تو میرے دین و دنیا دونوں کو سدھار دیا اور تو جانتا ہے کہ انہیں کی برکت سے میں نے سچا اور پکا ایمان حاصل کیا ہے۔اتنے بڑے عظیم الشان محسن کے احسان کی جزاء الہی ! تو ہی دے سکتا ہے۔الہی ! تو مسیح موعود کی روح پر فتوح پر اپنے فضل و انعام و برکات و سلام و رحمت و رضوان کی مسلسل و ممتد بارشیں کر اور ان کی جناب میں میری طرف سے صلوٰۃ وسلام کے ایسے اعلیٰ تحائف و ہدایا پہنچا جو آج تک ان کی خدمت میں کسی نے نہ بھجوائے ہوں۔میرے ماں باپ بہنوں بھائیوں بیوی۔بچوں دوستوں۔استادوں۔شاگردوں پر اپنے پیارے مسیح موعود کے صدقے اپنا فضل و کرم فرما اور دین و دنیا کی عفو د عافیت اور حسنات دارین سب کو عطا کر - امین یارب العالمین۔ہاں اے رب العالمین! تیرا ایک پیارا بندہ ہے۔محبت اگر کوئی بری چیز نہیں تو مجھ کو اس سے محبت ہے۔اس کی محبت میں میں نے جو جو لذتیں حاصل کی ہیں ، ان کا شکر تو بڑی چیز ہے بیان بھی نہیں ہو سکتا۔اے میرے مولا! اس کا وجود تو بڑا نافع الناس ہے۔اور تو تو فرماتا ہے وَأَمَّا مَا يَنْفَعُ النَّاسَ فَيَمْكُثُ فِي الأَرْضِ۔پس اے میرے اللہ ! اس کو تیرے مقررہ قانون کے موافق بھی بہت لمبی مدت تک زندہ و سلامت رہنا چاہئے اور میں بھی بڑی عاجزی کمال انکسار اور نہایت آرزو کے ساتھ تجھ رب رحمن رحیم ، کریم رؤف منان ، وھاب، سلام ، حی ، قیوم خدا کی جناب میں التجا کرتا ہوں کہ اس کو ہمارے سر پر بہت عرصہ تک سلامت با کرامت رکھ اور ہم سب کو توفیق عطا کر کہ اس کے انفاس قدسیہ سے فائدہ اٹھائیں - أمين يارب العالمين۔