میری پونجی

by Other Authors

Page 332 of 340

میری پونجی — Page 332

گیا تو مجھے کوئی بھی مشکل مشکل نہیں لگی۔آج میں بہت خود مختار ہوں۔بینکوں میں خود جاتی ہوں۔تمام اپنے کام خود کرتی ہوں۔اللہ تعالیٰ توفیق دیتا ہے تو اوروں کے بھی کام کر جاتی ہوں۔پھر اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اُس نے اولا د بے حد فرماں بردار دی ہے۔مجھے کمپیوٹر کے کورس کروائے ، میں جو ایک لفظ نہیں لکھ پاتی تھی آج خود ٹائپ کرتی ہوں اور جو جی میں آئے لکھتی ہوں۔یہ تو سب چھوٹے چھوٹے احسان ہیں جو اللہ تعالیٰ نے مجھ پر کئے۔اب جو میں لکھنا چاہتی ہوں اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئی لکھنے لگی ہوں کہ اس میں میری کوئی بڑائی نہیں ہے صرف شکرانے کے طور پر اور اُس کے احسانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اظہار کرنے لگی ہوں۔زندگی میں ہمیشہ خواہش ہوتی تھی کہ میں بھی کوئی نیکی کا کام کر سکوں مگر زندگی کی دوڑ میں کبھی فرصت ہی نہیں ملی۔اب فرصت ملی تو الحمد للہ ! چار بار اعتکاف بیٹھنے کی اللہ تعالیٰ نے توفیق بخشی۔تین بار بیت الفتوح میں اور ایک بار کینیڈا میں مسجد بیت الاسلام میں۔پھر اتنا ہی کرم نہیں کیا اب اللہ تعالیٰ نے اپنے مجھ پر کرم کو انتہا تک پہنچادیا اور مجھ جیسی حقیر، فقیر، انتہائی نالائق ، گنہ گار کو حج کی توفیق بخشی۔اب حج کی بات میں نے کی ہے تو اپنی ایک یاد میں بھی آپ سب کو شامل کر لوں۔سامی صاحب کی زندگی میں ہم دونوں کبھی شام کو اکیلے بیٹھتے تھے تو میں ہی بات شروع کرتی تھی۔کئی بار یہ بات ہمارے درمیان ہوتی۔جب میں یہ کہتی سامی جب ہم اپنے بچوں کی ذمہ داریوں سے فارغ ہو جائیں گے اور اللہ ہمیں تو فیق دیگا تو ہم عمرہ ضرور کرنے جائیں گے اور جس پر ہمیشہ سامی صاحب کا ایک جواب ہوتا تم جب اللہ سے مانگتی ہی ہو تو حج کیوں نہیں مانگتی عمرہ ہی کیوں؟ تو میرا اُن کو جواب ہوتا کہ سامی۔۔۔حج سے مجھے بہت ڈر لگتا ہے بہت رش ہوتا ہے۔ایک بار پہلے عمرہ کر لیں تو پھر حج بھی کر لیں گے۔سامی صاحب کا جواب ہوتا کہ ڈرتی کیوں ہو۔تو پھر میرا جواب یہ کہ دیکھیں اگر ہم حج پر جاتے ہیں اور رش میں ہمارا ہاتھ چھوٹ جاتا ہے تو ہم بس ایک دوسرے کو ہی ڈھونڈتے رہیں گے اور اگر ڈھونڈے سے بھی نہ ملے تو کیا ہوگا ؟ مجھے جواب دیتے اللہ مالک ہے بس تم اچھی اچھی دعامانگا (332)