میری پونجی

by Other Authors

Page 16 of 340

میری پونجی — Page 16

مکتوب از مکرم لئیق احمد طاہر صاحب ریجنل مشنری- بریڈ فورڈ (لندن) بسم اللہ الرحمن الرحیم مکرمہ محترمہ بیگم صاحبہ بشیر الدین احمد سامی صاحب مرحوم السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ ” کے نام سے آپ نے اپنے خاندان ، عزیز واقارب ، والدین ،سسرال ، بھائی اور بہنوں کے جو حالات لکھے ہیں اس پر میں آپ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور شکر یہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اتنا قیمتی مواد مجھے پڑھنے کیلئے دیا۔اس میں تمام افراد خانہ کے حالات جس طرح آپ نے جمع کئے وہ محنت اپنی جگہ لیکن آپ کے قلم میں جو بلا کی روانی ہے، جس عشق و درد کے ساتھ آپ نے یہ حکایتیں یہ روایتیں بیان کی ہیں وہ ہر کس و ناکس کے بس کی بات نہیں۔میری اس تحریر کوکوئی ایشیائی مبالغہ نہ سمجھے۔بعض اوقات اس پونجی کو پڑھتے پڑھتے ایسا محو ہو جاتا کہ وقت کا احساس ہی نہ رہتا تھا۔ہمارے پیارے بھائی سامی صاحب کا آپ نے حق ادا کرنے کی ایک حد تک کوشش کی ہے۔وہ شخص فی الواقعہ جان توڑ محنت کرنے والا اخلاص کا پیکر تھا۔عاجز ہمنکسر المزاج ، بے نفس، بے ریا ء خدمت کرنے والا پیارا وجود۔میرا ان سے واسطہ ان دنوں میں پڑا جب میں قائم مقام امام کے طور پر کام کرتا تھا۔یہ عارضی چند ہفتہ کا تعلق تھا۔پھر جب ہمارے سپر د تاریخ احمدیت برطانیہ تالیف کرنے کا اہم تاریخی کام ہوا تو سامی صاحب کے جو ہر کھل کر سامنے آئے۔منصور بی ٹی صاحب اور سامی صاحب میرے سلطان نصیر تھے۔بالخصوص مکرم سامی صاحب کہ ان کی جاں گسل محنت شاقہ کے بغیر ہم اپنی منزل پر شاید دسیوں سال بعد پہنچتے۔اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت کرے اور بے حد و نہایت اجر سے نوازے۔آمین۔(16)