میری پونجی

by Other Authors

Page 10 of 340

میری پونجی — Page 10

مکتوب از مکرم بشیر احمد رفیق صاحب سابق امام مسجد فضل لندن بسم اللہ الرحمن الرحیم مکرمه و محترمه بیگم سامی صاحبه السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ مجھے بچپن سے آپ بیتیاں اور سوانح عمریاں پڑھنے کا شوق رہا ہے اور بلا مبالغہ اب تک سو سے زائد سوانح عمریاں جن میں خود نوشت سوانح عمریاں بھی شامل ہیں، پڑھ چکا ہوں۔میں جب بھی کسی اردو کتب کی دکان پر جاتا ہوں تو سب سے پہلے سوانح عمریوں کے سیکشن میں جا کر کسی سوانح عمری کا انتخاب کرتا ہوں۔میری ذاتی لائبریری میں درجنوں کتب مشاہیر کی سوانح پر مشتمل موجود ہیں۔اس تمہید کے باندھنے کا مقصد یہ ہے کہ جب آپ کی غیر مطبوعہ کتاب ” میری پونچی“ کا مسودہ آپ نے از راہ کرم مجھے بھجوایا تو مجھے بے حد خوشی ہوئی۔میں نے کتاب ہاتھ میں لے کر اس پر ایک اُچٹتی نظر ڈالنے کا فیصلہ کیا اور ارادہ کیا کہ بعد میں آرام سے بیٹھ کر مسودہ کا مطالعہ کروں گا۔لیکن جوں جوں میں کتاب کو پڑھتا چلا گیا میری دلچسپی کتاب میں بڑھتی گئی اور جب تک کتاب کا نصف حصہ ایک ہی نشست میں نہ پڑھ ڈالا، کتاب کو نیچے نہیں رکھا۔آپ کی کتاب میرے لئے بے حد از د یاد ایمان کا باعث بنی ہے۔ہر واقعہ نہایت ایمان افروز ہے۔ہر صفحہ پر منجزات اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے قبولیت دعا کے نظارے ایسے ہیں کہ اللہ تعالیٰ پر کامل یقین پیدا ہوتا ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت روزِ روشن کی طرح ثابت ہوتی ہے۔(10)