میری پونجی — Page 314
اور میری بینا وہاں ابو کے پاس کبھی ابو کو Lexotanil دیتی اور کبھی زبان کے نیچے Angised رکھتی۔اپنے آنسو اور کرب تو اس نے جیسے اپنے حوصلے کو دئے تبھی تو وہ ابو کو اس قدر غم کی حالت میں سنبھال سکی تھی۔پوری رات کھلے آسمان تلے ابو کی چار پائی پر ابو کے سرہانے بیٹھے امی کو ستاروں میں ڈھونڈتی رہی۔۔امی کے پاس کوئی جماعتی عہدہ تو نہیں تھا لیکن قرآن پاک کا ترجمہ جاننے ، اپنے گھر اجلاس کروانے اور بھر پور شمولیت کرنے اور ہمیں ہر چیز میں حصہ دلانے ، باقاعدگی سے جمعہ پر مسجد لے کر جانے اور نہایت ملنسار ہونے کی وجہ سے جماعت میں پہچانی جاتی تھیں۔اسلام آباد کی جماعت کے بھر پور تعاون سے 30 ستمبر کی صبح 8 بجے ہمارے گھر کے سامنے امی کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں بہت لوگوں نے شرکت کی۔محلے کی خواتین یہاں تک کہ صفائی کرنے والی خواتین بھی آکر گلے لگ لگ کر روتی رہیں کہ وہ اتنی محبت سے بات کرنے والی تھیں وہ کیوں اتنی جلدی چلی گئیں۔دو پہر دو بجے ہم ربوہ پہنچے اور عصر کی نماز کے وقت میری دادی جان اور میری پیاری ماں دونوں کا ایک ساتھ جنازہ ادا کیا گیا۔میری دادی جان کو بہشتی مقبرہ میں اور میری پیاری ماں کو عام قبرستان میں منوں مٹی تلے سپر د خاک کر دیا۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ ہماری ماں کے درجات بلند سے بلند تر کرتا چلا جائے اور ہمیں توفیق دے کہ ہم سب اُس کی تمام وہ خواہشیں جو بھی وہ ہم سے دل میں رکھتی تھیں اُن کو پورا کر سکیں اور جو بھی ہماری امی کے اندر خوبیاں تھیں ہم اُن کو اپنا سکیں۔اللہ اُن کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین ثم آمین۔سعدی (صدیقہ فیصل) الحمد للہ کہ بشریٰ کی دونوں بیٹیوں اور دونوں بیٹوں کی شادی ہو چکی ہے۔بڑی بیٹی عزیزہ صدیقہ سلطانہ کی شادی مکرم فیصل طاہر صاحب سے ہوئی ہے۔ان کے دو بچے ہیں۔چھوٹی بیٹی عزیزہ ثمینہ سلطانہ کی شادی عرفان احمد صاحب سے ہوئی (314)