مذہب کے نام پر خون — Page 162
۱۶۲ مذہب کے نام پرخون مذہب اختیار کریں جس سے سب علماء کے دل یکساں ٹھنڈے ہو سکیں۔کیا حضرت علی کی محبت کا دعوی کریں اور ابو بکر ، عمر اور عثمان کو گالیاں دینے لگیں ؟ کیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالم الغیب خدا کی طرح عالم الغیب مانے لگیں اور آپ کے جسم عصری سے انکار کر دیں۔یا پھر آپ کی نورانیت کو یکسر فراموش کر کے بشریت پر بیکار زور دینے لگیں اور نعوذ باللہ ! آپ کے مقام کو ایسا گرائیں کہ بڑے بھائی سے زیادہ رتبہ نہ سمجھیں۔کیا ایسے اہل حدیث ہو جائیں کہ قرآن کی طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھیں یا ایسے اہل قرآن کہ اپنے آقا کی مقدس احادیث کو یکسر ٹھکرا دیں؟ آخر وہ کونسی ملت واحدہ ہے جس کا فرد بزور شمشیر احمدیوں کو بنانا مقصود ہے؟