مضامین بشیر (جلد 3)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 282 of 760

مضامین بشیر (جلد 3) — Page 282

مضامین بشیر جلد سوم 282 لئے ایک مقدس تعویذ کا حکم رکھتی ہے۔اسے اس کے نزول کی ترتیب سے ہٹا کر قرآن کے آخر میں اسی غرض سے رکھا گیا ہے کہ تا مسلمانوں کو ہوشیار کیا جائے کہ کسی بڑی روحانی نعمت کے پالینے کے بعد اس گھمنڈ میں نہ رہا کرو کہ اب ہم ہر خطرہ سے محفوظ ہو گئے ہیں۔کیونکہ شیطان ہر وقت تمہارے پیچھے لگا ہوا ہے اور وہ تمہارے ایمانوں میں رخنہ پیدا کرنے اور تمہارے عقیدوں کو بگاڑنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔پس قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ مَلِكِ النَّاسِ إِلهِ النَّاسِ یعنی کہو اور کہتے چلے جاؤ کہ میں پناہ طلب کرتا ہوں اپنے پیدا کرنے والے اور پالنے والے رب کی اور میں پناہ طلب کرتا ہوں اپنے مالک اور حکمران آقا کی۔اور میں پناہ طلب کرتا ہوں اپنے معبود اور مسجود خدا کی۔یہ تین صفات جو اس آیت میں رکھی گئی ہیں یہ بندوں کے متعلق خدا کو غیرت دلانے میں سب سے زیادہ موثر ہیں۔گویا ایک مخلوق اور مرزوق بندہ اپنے خالق اور رازق خدا کو اور ایک محکوم انسان اپنے حاکم و آقا کو اور ایک عابد و ساجد آدمی اپنے معبود و مسجود کو پکارتا ہے کہ میں تیرا بندہ ہوکر اور تیری رعیت ہو کر اور تیرا پرستار ہو کر تیرے منکروں اور تیرے باغیوں کے حملوں کا شکار ہورہا ہوں۔جو مجھے تیرے دروازہ سے دور لے جانا چاہتے ہیں۔تو میری مدد کو آ اور مجھے اپنی حفاظت میں لے لے۔اس زور دار رحم کی اپیل کے بعد بشر طیکہ وہ دل کی گہرائیوں سے کی جائے۔اللہ تعالیٰ کی غیرت اور اللہ تعالیٰ کی رحمت غیر معمولی طور پر جوش میں آتی ہے اور وہ اپنے فرشتوں کی فوج کے ساتھ فوراً اپنے بندے کی مدد کو پہنچ جاتا ہے۔اسی قسم کی پکار کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ ے تجھے دنیا میں ہے کس نے پکارا کہ تو پھر پھر خالی گیا قسمت کا مارا ہے کس قدر اس کو سہارا کہ جس کا تو ہی ہے سب سے پیارا پیش آنے والے ایمانی خطرات کی نوعیت سورۃ الناس کے نصف آخری حصہ میں ان خطرات کی نوعیت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو مسلمانوں کو اپنے عقائد اور دین کے معاملہ میں پیش آسکتے ہیں اور آنے والے ہیں۔چنانچہ فرماتا ہے۔مِن شَرِ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاس یعنی ان وسوسہ پیدا کرنے والی طاقتوں اور شیطانی ہستیوں کے فتنوں کے مقابل پر خدا سے پناہ چاہتے رہو۔جو تمہارے ایمانوں اور تمہارے عقیدوں پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے تیار رہتی ہیں۔