مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 413 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 413

۴۱۳ خدا را مسلمانوں کو کمیونزم کی طرف نہ دھکیلو مضامین بشیر عدم مساوات کا احساس اور چیز ہے اور کمیونزم کا مؤید ہونا بالکل اور بات موجودہ عدم مساوات کا صحیح علاج آجکل دنیا میں کمیونزم یعنی نظام اشتراکیت کا فتنہ بہت اہمیت حاصل کر گیا ہے اور اپنی جائے پیدائش یعنی مملکت روس سے نکل کر دنیا کے بہت سے دوسرے ملکوں میں بھی نفوذ پیدا کر رہا ہے اور بد قسمتی سے پاکستان کی آبادی کا ایک حصہ بھی کمیونزم کے خیالات سے متاثر نظر آتا ہے۔لیکن اس جگہ مجھے کمیونزم کے فتنہ کے جواب میں کچھ تحریر کرنا مد نظر نہیں ہے۔یہ ایک علیحدہ اور مستقل مضمون ہے جس پر ہماری جماعت کی طرف سے اسلام کے کامل و مکمل مذہب سے اخذ کر کے کافی لٹریچر شائع کیا جا چکا ہے۔مثلاً حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اللہ تعالیٰ امام جماعت احمدیہ کی معرکتہ آلا را تصنیف اسلام کا اقتصادی نظام وغیرہ۔اسی طرح میرے بعض مضامین اور رسالوں میں بھی کمیونزم کے متعلق مختصر بحث آچکی ہے۔لیکن اس جگہ جو فتنہ میرے مد نظر ہے وہ خود کمیونزم کا فتنہ نہیں بلکہ یہ یمنی فتنہ ہے کہ کئی لوگ نادانی کی وجہ سے ایسے لوگوں کو بھی کمیونسٹ قرار دے رہے ہیں جو حقیقتاً کمیونسٹ نہیں بلکہ صرف اس بات کا احساس رکھتے ہیں کہ موجودہ اسلامی سوسائٹی میں دولت کی تقسیم غیر مساویانہ ہے اور اس کی اصلاح ہونی چاہئے۔ان لوگوں کو اسلامی سوسائٹی کی موجودہ بیماری کا احساس تو بے شک ہے اور وہ اس نقص کو دور ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔لیکن انہیں روس کے اشترا کی نظام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں مگر باوجود اس کے کئی لوگ بلکہ کئی ذمہ دار اخبارات بھی غلطی سے ایسے لوگوں کو کمیونسٹ قرار دے کر عملاً کمیونزم کی طرف دھکیل رہے ہیں ، جس کا لازمی نتیجہ یہ ہوگا کہ ایسے لوگ کمیونسٹ نہ ہوتے ہوئے بھی آہستہ آہستہ کمیونزم کی طرف مائل ہو جائیں گے۔