مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 325 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 325

۳۲۵ مضامین بشیر محبت اور خاموشی کے ساتھ بیمار درویشوں کی خدمت سر انجام دی اور یہ ان کی مخلصانہ خدمات کا نتیجہ تھا که مخالفت کے باوجود بہت سے ہندو اور سکھ بھی ان سے علاج کروانے کے لئے ہماری ڈسپینسری میں آتے رہے۔بلکہ غیر مسلم ڈاکٹروں پر بھی ان کو ہر رنگ میں ترجیح دیتے رہے۔اس کے بعد وہ حضرت امیر المومنین خلیفتہ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے ماتحت جنوری ۴۸ء میں لاہور واپس آگئے۔اور حضور کی ملاقات کے بعد حضور کی اجازت سے اپنی پریکٹس شروع کرنے کے لئے پھر کوئٹہ چلے گئے۔اور اس عرصہ میں ان کو یہ خوشی بھی نصیب ہوئی کہ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ نے اپنے گرمائی سفر کے لئے اس سال کوئٹہ کو ہی منتخب فرمایا اور مرحوم ڈاکٹر میجر محموداحمد کو مزید خدمت اور صحبت کا موقع حاصل ہوا۔میں اپنی طرف سے اور اپنے صیغہ کی طرف سے اور قادیان کے درویشوں کی طرف سے مرحوم کے والدین اور دیگر عزیزوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کی بیوی اور بچے کا حافظ و ناصر ہو اور بچے کو باپ کے اخلاص اور جذبہ خدمت کا وارث کرے۔بلکہ ان سے بڑھ کر۔آمین۔( مطبوعه الفضل ۲۲ اگست ۱۹۴۸ء)