مضامین بشیر (جلد 2) — Page 158
مضامین بشیر ۱۵۸ فسادات قادیان کا پس منظر میرا جو مضمون زیر عنوان ”گزشتہ فسادات کے تعلق میں چند خاص تاریخیں، الفضل میں چھپتا رہا ہے۔اس کے شروع میں قادیان کے متعلق فسادات کا پس منظر دکھانے کے لئے ایک نوٹ کی ضرورت تھی ، جو غلطی سے رہ گیا ہے۔اب یہ نوٹ ہدیہ ناظرین کیا جاتا ہے۔ہندوستان کا ملک عرصہ دراز سے فرقہ وارانہ کشیدگی کی آماجگاہ رہا ہے جو گزشتہ سال اپنی انتہا کو پہنچ گئی اور جوں جوں ملک کے دو حصوں میں بٹنے کا وقت قریب آتا گیا ، یہ کشیدگی بھی دن بدن زیادہ ہوتی چلی گئی۔مارچ ۱۹۴۷ء کے فسادات جو وسطی پنجاب میں رونما ہوئے اسی سلسلے کی ایک کڑی تھے۔کیونکہ یہ وہ زمانہ تھا جب کہ ہند و سیاست سکھوں کی جنگجو قوم کو اپنے ساتھ ملا کر اور مسلمانوں کے دلوں میں دہشت پیدا کر کے انہیں ملک کی تقسیم کے خیال سے باز رکھنا چاہتی تھی۔اور مسلمان اپنی جگہ یہ خیال کرتے تھے کہ ملک کی موجودہ فضا میں ان کے لئے پہنچنا اور ترقی کرنا محال ہو گیا ہے۔اگر ایک طرف خود حفاظتی کا جذ بہ مسلمانوں کو علیحدگی کی طرف کھینچ رہا تھا تو دوسری طرف استبداد کا خمار ہندوؤں کو اس بات پر آمادہ کر رہا تھا کہ جس طرح بھی ہو ملک کی تقسیم اور مسلمانوں کی علیحدگی کو روکا جائے۔جب اس قسم کی آتشی فضا میں ریڈ کلف کمیشن نے مشرقی اور مغربی پنجاب کی سرحدوں کا فیصلہ سنایا تو سارا پنجاب ایک خطر ناک بارود کے ذخیرہ کی طرح فرقہ وارانہ جنگ کی آگ سے بھڑک اٹھا اور سر زمین پنجاب نے وہ انسانیت سوز نظارے دیکھے جو تاریخ عالم میں ہمیشہ کے لئے تلخ ترین یادگار رہیں گے۔ایک کروڑ انسانی جانوں کا ایک حصہ ملک سے دوسرے حصہ ملک کی طرف منتقل ہونا خود اپنی ذات میں ایک عدیم المثال تاریخی واقعہ ہے۔مگر جب ان حالات کو دیکھا جائے جن میں یہ انتقال آبادی عملاً وقوع میں آیا تو انسان کی آنکھیں شرم کی وجہ سے زمین میں گڑ جاتی ہیں اور وہ اس بات کی ہمت نہیں پاتا کہ اپنا سر اونچا کر کے کسی شریف انسان کے ساتھ آنکھیں ملا سکے۔ہند وقوم ہر سال ہولی کھیلنے کی عادی ہے۔جس میں سرخ پانی کے چھینٹے ایک دوسرے پر پھینکے جاتے ہیں مگر گزشتہ سال کروڑوں انسانوں نے خون کی ہولی کھیلی۔جس کے نتیجہ میں لاکھوں بے گناہ انسان قتل کئے گئے۔ہزا ر ہا معصوم عورتوں کو اغوا کر کے ان کی عصمت دری کی گئی۔ہزاروں بچے ماؤں کے سامنے نہ تیغ کئے گئے۔ہزاروں مائیں بلکتے ہوئے بچوں کے سامنے ہمیشہ کی نیند سلا دی گئیں اور اربوں روپے کی