مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 724 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 724

مضامین بشیر ۷۲۴ مجھے استخارہ کے مسئلہ کے متعلق قریبا چالیس برس سے اطلاع ہے اور میں نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس نسخہ کے استعمال سے بہت فائدہ اٹھایا ہے مگر میں اپنے استخاروں میں کسی خاص وقت کو ملحوظ نہیں رکھتا تھا۔بلکہ جس وقت بھی موقع ملے نفل پڑھ کر استخارہ کی دعا پڑھ لیتا تھا۔اب جو جناب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پسندیدہ وقت بعد از نماز عشاء تحریر فرمایا ہے تو میں نے گذشتہ شب ان شرائط کے ماتحت استخارہ کیا اور باوجود اس کے کہ مجھے عام طور پر خواب نہیں آیا کرتے ، گذشتہ رات مجھے خواب آئی بلکہ وہ خوابیں آئیں جنہیں میں اپنے اس استخارہ کا نتیجہ سمجھتا ہوں (اس کے آگے اس دوست نے اپنی دو مبشر خوا میں لکھی ہیں۔) بہر حال اسلام میں استخارہ کا نظام بہت ہی مفید اور بابرکت نظام ہے ، اور ہمارے دوستوں کو اس نظام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے۔یہ ایک ایسا آسان اور سہل نسخہ ہے جس پر بقول شخصے نہ ہینگ لگے نہ پھٹکڑی لیکن اس کے فوائد اتنے عظیم الشان ہیں کہ انسان انہیں تصویر میں نہیں لا سکتا اور اگر کوئی اور فائدہ نہ بھی ہو تو کیا یہ فائدہ کم ہے کہ اس ذریعہ سے انسان خدا کے ساتھ اپنا ذاتی تعلق بدر جہا بڑھا سکتا ہے اور خدا پر اپنے عمل سے یہ ظاہر کر دیتا ہے کہ اے میرے آقا تیرے دامن کے ساتھ مرے دل کی تاریں اس طرح لپٹی ہوئی ہیں کہ میں دین ودنیا کے ہر کام میں روشنی اور ہدایت حاصل کرنے کے لئے تیرے دروازہ کی طرف بھاگتا ہوں۔( مطبوعه الفضل ۱۳/ نومبر ۱۹۴۹ء)