مضامین بشیر (جلد 1) — Page 227
۲۲۷ ١٩٣٧ء مضامین بشیر آپ چودہری فتح محمد صاحب کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں؟ احباب کو معلوم ہے کہ اس وقت چودھری فتح محمد صاحب سیال ایم۔اے پنجاب اسمبلی کے لئے تحصیل بٹالہ ضلع گورداسپور کے مسلم حلقے کی طرف سے بطور امیدوار کھڑے ہیں۔یہ ایک بین حقیقت ہے کہ چودھری صاحب موصوف سارے امیدواروں میں سے زیادہ تعلیم یافتہ ، زیادہ تجربہ کار، زیادہ قابل، زمینداروں سے زیادہ ہمدردی رکھنے والے اور اپنی رائے کو زیادہ آزادی کے ساتھ بیان کرنے والے ہیں۔پس جملہ مسلمان ووٹروں کا یہ ایک قومی فرض ہے کہ وہ نہ صرف خود چودھری صاحب کے حق میں رائے دیں بلکہ دوسرے ووٹروں سے بھی چودھری صاحب کے حق میں رائے دلائیں۔بعض لوگ اس معاملہ میں مذہبی سوال اُٹھا کر عوام کو بھڑ کا نا چاہتے ہیں مگر یہ ان کی سراسر غلطی بلکہ بد دیانتی ہے کیونکہ کونسلوں کا معاملہ کوئی مذہبی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک خالص سیاسی سوال ہے جس میں مسلمانوں کے سب فرقے برابر ہیں۔یعنی اس میں شیعہ سنی۔احمدی اور اہلحدیث کا کوئی امتیاز نہیں بلکہ محض ہند و مسلمان کا سوال ہے۔پس اس معاملے میں مسلمان ووٹروں کو صرف یہ دیکھنا چاہیئے کہ امیدواروں میں سب سے زیادہ قابل کون ہے اور مسلمان زمینداروں کے حقوق کی صحیح نمائندگی کون کرسکتا ہے، پھر جو امید وارسب سے بہتر ثابت ہو اسے ووٹ دینی چاہیئے۔اگر آپ ہم سے رائے لیں تو ہم آپ کو پوری پوری دیانتداری کے ساتھ یہ مشورہ دیں گے کہ آپ چودھری فتح محمد صاحب کو ووٹ دیں کیونکہ وہ یقیناً ہر جہت سے سب سے بہتر امیدوار ہیں اور ہم آپ کو یہ بھی بتا دینا چاہتے ہیں کہ آپ چودھری صاحب موصوف کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں: (1) اس طرح کہ اگر آپ بٹالہ تحصیل میں خود ووٹر ہیں تو آپ پولنگ کے دن اپنے گاؤں میں موجود ر ہیں اور اپنا ووٹ چودھری فتح محمد صاحب کے حق میں دیں۔آپ کو اپنے گاؤں سے پولنگ سٹیشن تک پہونچانے کے لئے سواری کا انتظام کر دیا جائے گا۔