مشعل راہ (جلد اوّل) — Page 591
591 ہے تو بے شک دے پھر اپنے اخلاص کی وجہ سے وہ جتنا بڑھانا چاہے بڑھاتا چلا جائے اور میں آپ سے یہ امید رکھتا ہوں کہ جماعت میں کوئی احمدی ایسا نہ رہے جو تحریک جدید میں حصہ نہ لے رہا ہو۔آپ ہر احمدی کو تحریک کریں کہ وہ اپنی حیثیت کے مطابق تحریک جدید میں حصہ لے۔اگر وہ پانچ روپیہ ہی لکھواتا ہے تو بے شک لکھوائے لیکن دوسرے دن اس کے پاس جائیں اور کہیں کہ آپ کی حیثیت خدا تعالٰی کے فضل سے اس سے بہت زیادہ ہے۔آپ پانچ روپیہ کی بجائے اپنا وعدہ دس روپیہ کر دیں پھر اگر وہ اپنا وعدہ دس روپے کر دے تو تیسرے چوتھے ماہ پھر اس کے پاس جائیں اور کہیں آپ کی حیثیت خدا تعالی کے فضل سے اس وعدہ کی نسبت بہت زیادہ ہے۔آپ اپنا وعدہ دس روپیہ سے بیس روپیہ کر دیں یہاں تک کہ وہ اپنے معیار کے مطابق آجائے۔تیسرے ہر نو مبائع کو احمدیت میں داخل ہوتے ہی تحریک جدید سے واقف کریں اور اسے تحریک کریں کہ وہ اقل ترین رقم دے کر اس میں شامل ہو۔چوتھے تحریک جدید کے چندے اور دوسرے چندے وقت پر وصول کریں۔اگر یہ سب باتیں ہو جائیں تو دفتر بوجھ اٹھانے کے قابل ہو جائے گا۔پہلے یہ ہو تا تھا کہ نئے شامل ہونے والے کو پچھلے سالوں کا بقایا بھی دینا پڑتا تھا۔اب میں یہ کہتا ہوں کہ جس سال بھی کوئی شامل ہو وہ اسے اول شمار کرے۔پھر انیس سال تک چندہ دیتا چلا جائے اسی طرح دفتر دوم قیامت تک چلا جائے گا۔پس میں آپ سب کو چار باتوں کی نصیحت کرتا ہوں اور ان سب کا آپ سے عہد لیتا ہوں۔آپ سب کھڑے ہو کر یہ عہد کریں۔میں نے چاروں باتیں بتادی ہیں۔اب میں آپ سے یہ عہد لینا چاہتا ہوں کہ ان باتوں کے مطابق آپ خود بھی کوشش کریں اور تمام خدام اور دوسرے لوگوں کو بھی تبلیغ کریں۔ان سے وعدہ لیں اور پھر وعدہ کو جلدی پورا کروائیں۔تفصیلات بعد میں شائع ہو جائیں گی۔اب میں اختصار کے ساتھ ان چار باتوں کا آپ سے عہد لیتا ہوں۔(1) کیا آپ یہ عہد کرتے ہیں کہ جو شرائط میں نے بتائی ہیں آپ ان کے مطابق کوشش کریں گے کہ ہر احمدی اس تحریک میں حصہ لے۔ہر نو مبائع اس میں حصہ لے۔ہر چندہ لکھوانے والا اپنی حیثیت کے مطابق حصہ لے اور پھر ہر چندہ لکھوانے والا سال بھر کے اندر اس چندہ کو ادا کر دے۔سب خدام نے بیک آواز میں کہا ای والله ) (۲) کیا آپ اقرار کرتے ہیں کہ جو قواعد میں نے بتائے ہیں آپ ان کے مطابق محنت اور دیانتداری سے کوشش کریں گے۔(سب خدام نے بیک آواز کہا ای والله ) (۳) کیا آپ اقرار کرتے ہیں کہ جو قواعد میں نے بیان کئے ہیں آپ ان کے مطابق محنت اور دیانتداری سے کوشش کریں گے۔(سب خدام نے بیک آواز کها ای والله ) نوٹ:۔اصل تقریر کا جو مسودہ ملا ہے اس میں صرف تین امور کے بارہ میں ہی حضور نے خدام سے عہد لیا ہے۔معلوم ہوتا ہے کہ تقریر کا کچھ حصہ تلف ہو گیا ہے۔مرتب)