مشعل راہ (جلد اوّل) — Page 714
714 تبلیغی جہاد کے لئے مالی قربانی کی اہمیت نوجوانوں کو میں خصوصاً توجہ دلاتا ہوں کہ خدام کے ذریعہ سے تم نے بڑے بڑے اچھے کام کرنے شروع کئے ہیں۔خدمت خلق کا تم نے ایسا عمدہ لاہور میں مظاہرہ کیا ہے کہ اس کے او پر غیر بھی عش عش کرتا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ تم روزانہ اس طرح اپنی زندگیوں کو سنوارتے چلے جاؤ گے کہ تمہارا خدمت خلق کا کام بڑھتا چلا جائے۔لیکن یہ کام سب سے مقدم ہے کیونکہ اسلام کی خدمت کے لئے تم کھڑے ہوئے ہو اور اسلام کی تبلیغ کا دنیا میں پھیلانا یہ ناممکن کام اگر تم کر دو گے تو دیکھو آئندہ آنے والی نسلیں تمہاری اس خدمت کو دیکھ کر کس طرح تم پر اپنی جانیں نچھاور کریں گی۔“ ” پس نوجوانوں کو یہ سوچ لینا چاہئے کہ ان کے آباء نے قربانیاں کیں اور خدا کے فضل سے وہ اس مقام پر پہنچے۔کچھ ان میں سے فوت ہو گئے اور کچھ اپنا بوجھ اٹھائے چلے جارہے ہیں۔میں نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ اب وہ آگے بڑھیں اور اپنی قربانیوں سے یہ ثابت کر دیں کہ آج کی نسل پہلی نسل سے پیچھے نہیں بلکہ آگے ہے۔جس قوم کا قدم آگے کی طرف بڑھتا ہے وہ قوم ہمیشہ آگے کی طرف بڑھتی ہے اور جس قوم کی اگلی نسل پیچھے مفتی ہے وہ قوم بھی پیچھے ہٹنی شروع ہو جاتی ہے۔کچھ عرصہ تک تمہارے بوجھ بڑھتے چلے جائیں گے ، کچھ عرصہ تک تمہاری مصیبتیں بھیانک ہوتی چلی جائیں گی کچھ عرصہ تک تمہارے لئے ناکامیاں ہر قسم کی شکلیں بنا بنا کر تمہارے سامنے آئیگی لیکن پھر وہ وقت آئے گا جب آسمان کے فرشتے اتریں گے اور وہ کہیں گے بس ہم نے ان کا دل جتنا دیکھنا تھا دیکھ لیا۔جتنا امتحان لینا تھا لے لیا۔خدائی مرضی تو پہلے سے ہی تھی کہ ان کو فتح دے دی جائے اور تم فاتحانہ طور پر اسلام کی خدمت کرنے والے اور اس کے نشان کو پھر دنیا میں قائم کرنے والے قرار پاؤ گے۔“ فرموده ۲۷ دسمبر ۱۹۵۴ء مطبوعه الفضل ۲۸اکتوبر ۱۹۵۵ء)