مشعل راہ ۔ جلد پنجم (حصہ اوّل)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 152 of 203

مشعل راہ ۔ جلد پنجم (حصہ اوّل) — Page 152

مشعل راه جلد پنجم 152 * ارشادات حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی 6 اپریل 2004ء کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مختلف جگہوں سے بینن آئے ہوئے وفود سے مخاطب ہوکر فرمایا:- میں آپ سب لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو سفر کی تکلیفیں برداشت کرتے ہوئے بڑی دور دور سے یہاں تشریف لائے۔یہ سفر کی تکلیفیں اور پریشانیاں کیوں برداشت کیں۔صرف اس لئے کہ آپ کو جماعت سے ایک تعلق اور محبت ہے اور خلیفہ وقت سے ایک تعلق اور محبت ہے اور یہ تعلق اور محبت آپ میں اس لئے قائم ہوا کہ آپ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک پیشگوئی کو پورا کرتے ہوئے امام مہدی کو پہچانا اور قبول کیا۔اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کو اس لئے دنیا میں بھیجا کہ دنیا کے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے جمع کر دیا جائے۔حضور نے فرمایا کہ اس لحاظ سے آپ وہ خوش قسمت لوگ ہیں جنہوں نے اس غرض کو پورا کرتے ہوئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کے مطابق مانا۔اب آپ کا فرض ہے کہ اس تعلیم کو جو بھلادی گئی تھی اور امام مہدی نے آکر دوبارہ اس تعلیم کو زندہ کیا ، اس پر عمل کریں۔وہ تعلیم یہی ہے کہ ایک خدا کی عبادت کریں۔اس کے مقابلہ میں کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں ، نہ ظاہری شرک ہو نہ چھپا ہوا شرک۔انسانیت اپنے اندر پیدا کی جائے۔ایک دوسرے کا لحاظ رکھا جائے ، خیال رکھا جائے۔گھر کا ہر فرد نماز ادا کرنے والا بن جائے فرمایا: یا درکھیں کہ جو ہمارے کام ہیں جو ہماری ضروریات ہیں۔وہ کسی بندے سے پوری نہیں ہو سکتیں۔ہرضرورت کے لئے خدا کے حضور جھکنا چاہیے۔اس کی عبادت کرنی چاہیے اور اپنی عبادت کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ طریقہ سکھایا ہے کہ اس کے حضور حاضر ہوا جائے۔