مردانِ خدا

by Other Authors

Page 72 of 97

مردانِ خدا — Page 72

مردان خدا حضرت مولوی حسن علی صاحب بھاگلپوری چنانچہ آپ نے یہ نوکری محض اللہ چھوڑ کر پورے ہندوستان میں دوروں کا سلسلہ شروع کیا اور اہل ایمان میں بیداری پیدا کی۔قربانیوں کی بہار حضرت مولوی صاحب نے جب سلسلہ احمدیہ میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا تو اس کا ذکر کرتے ہوئے آپ فرماتے ہیں۔اب بہت بڑا سوال یہ پیش آیا کہ آیا میں ایسے جلیل القدر امام کا متبع ہو جاؤں اور ناحق کی تکفیر اور ملامت کا ٹوکراسر پر اٹھاوں اور جو کچھ عزت میں نے عمدہ واعظ ہونے کی سارے ہند میں پیدا کی ہے اس کو حق پر قربان کر کے بجائے مقبول خلائق کے مردود وملعون خلائق بن جاؤں یا شیعوں کی پالیسی اختیار کر کے حضرت مرزا صاحب کے پاس ان کا موافق اور ان کے مخالفوں کے پاس (معاذ اللہ ) مرزا صاحب کا مخالف بن کر واہ واہ کی صدا سنوں۔عجب کشمکش میں کئی دن میرے قادیان شریف میں گزرے۔روز رو رو کر جناب باری تعالیٰ میں دعائیں کرتا کہ خداوندا! اگر تیری خوشنودی مرزا صاحب کی تابعداری وفرمانبرداری میں ہے تو مجھ پر بذریعہ خواب کے جیسا کہ تو نے بارہا کیا ہے اصل حال کھول دے لیکن ادھر سے سناٹا تھا۔مالک کی یہی مرضی تھی کہ میں خود خدا داد عقل کو استعمال کر کے اپنا نفع و نقصان دیکھ بھال کر کام کروں۔پٹنہ سکول کی ہیڈ ماسٹری چھوڑ نے سے اس دفعہ بھاری معاملہ تھا۔اس دفعہ ایک بھاری قربانی کا موقعہ آ گیا تھا۔بڑے بڑے لوگوں نے اس سے ہزار ہا درجہ بڑھ کر پیاری اور عزیز چیزوں کو حق پر قربان کر دیا ہے۔لیکن میں کیا تھا اور میری ہمت ہی کیا تھی۔ایک قدم آگے رکھتا۔ایک قدم پیچھے رکھتا۔شیطان کہتا کہ میاں بربادی اور تباہی اور ذلت و رسوائی سے بچنا ہے تو چپ چاپ قادیان سے نکل چلو۔فرشتہ کہتا او کم بخت کیا تو نے حدیث نہیں پڑھی کہ جس نے اپنے امام وقت کو نہ پہچانا وہ۔