ملفوظات (جلد 9) — Page 83
الہام کا مہبط صاف ہونا چاہیے۔اب جو خدا تعالیٰ کی چلائی ہوئی ہوا چل رہی ہے۔یہی ہوا بعض انسانوں کے جسموںکے لیے مفید اور بعضوں کے لیے مفسد ہوگی۔اگر کسی کا اندر غلیظ ہو۔معدہ گندہ ہو اور بیمار ہو تو اس کو اچھی غذا مضر ہوگی۔ایسا ہی خدا کا کلام ہے۔ابھی تھوڑے روز ہوئے فقیر مرزا ساکن دوالمیال ضلع جہلم جس نے ہماری مخالفت میں لوگوں کو الہام سنایا کہ مجھے عرش سے آواز آئی ہے کہ مرزا جھوٹا ہے رمضان میں مَر جاوے گا۔اور اسی پر اس نے بس نہیں کی بلکہ لوگوں کو کہا کہ یہ معمولی بات نہ سمجھو۔میرا دستخط لے لو کہ یہ بات ضرور ہونے والی ہے اور خود اس نے اپنا دستخط کر کے اور بہت سے لوگوں کو اپنے الہام کا گواہ ٹھہرایا اور ان کے بھی دستخط لیے۔جب رمضان کا مہینہ آیا تو خود ہی مَر گیا۔(بوقتِ ظہر) طاعون کا علاج آج حضرت اقدسؑ عام نمازیوںسے پیشتر ہی نماز ظہر کے لیے مسجد میں تشریف لے آئے۔کسی نے ذکر کیا کہ بعض قرب و جوار کے دیہات میں طاعون ہے۔حضرت نے فرمایا۔اس دفعہ یہ بیماری زیادہ تر خطرناک صورت میں ہے۔سارے موسم سرما میں بھی اکثر مقامات میں ترقی پر رہی ہے اعتدالی ایام میں اور بھی خطرناک ہوگی۔بجز توبہ و استغفار اس کا کوئی علاج نہیں۔نماز ظہر کے بارہ میں حضور کا طریق فرمایا۔مولوی نورالدین صاحب کو بُلاؤ کہ نماز پڑھی جاوے۔مولوی صاحب بُلائے گئے اور ڈیڑھ بجے نماز ظہر ادا کی گئی۔فرض کی نماز باجماعت ادا کر کے حضرت اندر تشریف لے گئے۔حضرت اقدسؑ کا مدام یہی اصول ہے کہ آپ ظہر کی پہلی چار سنتیں گھر میں ادا کر کے باہر تشریف لاتے ہیں پچھلی دو سنتیں بھی جا کر اندر پڑھتے ہیں اور کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اگر ادائے فرض کے بعد مسجد میں بیٹھنا منظور ہو تو پچھلی دو سنتیں فرضوں کے بعد مسجد میں ہی ادا فرماتے ہیں۔۱ ۱ الحکم جلد ۱۱ نمبر ۴ مورخہ ۳۱؍جنوری ۱۹۰۷ءصفحہ ۹