ملفوظات (جلد 5) — Page 7
بیعت بیعت کے معنے ہیں بیچ دینا۔جیسے ایک چیزبیچ دی جاتی ہے تواس سے کوئی تعلق نہیں رہتا۔خریدار کا اختیار ہوتا ہے جو چاہے سوکرے۔تم لوگ جب اپنا بیل دوسرے کے پاس بیچ دیتے ہو توکیا اسے کہہ سکتے ہو کہ اسے اس طرح نہ استعما ل کرنا۔ہرگزنہیں۔اس کا اختیار ہے جس طرح چاہے استعما ل کرے۔اسی طرح جس سے تم بیعت کرتے ہو اگر اس کے احکام پرٹھیک ٹھیک نہ چلوتوپھرکوئی فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔ہر ایک دوایاغذاجب تک بقدرشربت نہ پی جاوے فائدہ نہیں ہواکرتا۔اسی طرح بیعت اگر پورے معنوں میں نہ ہو تووہ بیعت نہ ہو گی۔خدا تعالیٰ کسی کے دھوکا میں نہیں آسکتا۔اس کے ہاں نمبراور درجہ مقررہیں۔اس نمبر اور درجہ تک توبہ ہو گی تو وہ قبول کرے گا جہاں تک طاقت ہے وہاں تک کوشش کرو پورے صالح بنو۔عورتوں کونصیحت کرو۔نمازروزہ کی تاکیدکرو۔سوائے آٹھ سات دن کے جوعورتوں کے ہوتے ہیں اور جس میں نماز معاف ہے تمام نمازیں پوری پڑھیں روزے معاف نہیں ہیں ان کوپھراداکریں۔انہی کمیوں کی وجہ سے کہا کہ عورتوں کا دین نا قص ہے۔اپنے ہمسایہ اور محلہ والوں کوبھی نیکی کی تاکیدکرو۔غافل نہ ہو۔اگر علم نہ ہو تو واقف سے پوچھوکہ خدا کیا چاہتا ہے۔مسلمانوں کی دینی حالت اس وقت مسلمانوں نے اپنے دین کو بدل دیا ہے جوخدا چاہتا تھا اسے بدل کراَور کااور بنا دیا ہے۔اس وقت ایک شور برپا ہے۔اگر کہا جاوے کہ آنحضر ت صلی اللہ علیہ وسلم فوت ہوئے ہیں اور عیسیٰ زندہ ہے توسب خوش ہوتے ہیں۔مگر جب کہا جاوے کہ آنحضرتؐزندہ اور خاتم النبیین اور آپ کے بعدکوئی غیرنبی نہیں آنے والا توسب نا راض ہو جاتے ہیں۔مسیحؑکو آنحضرتؐپرفضیلت نہ دو ہما رے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو جیسے خدا نے سب سے آخرپیدا کیا ویسے ہی آخری درجے کے سب کمال آپ کو دئیے کوئی بھی خوبی کسی دوسرے نبی میں ایسی نہیں جوکہ آپ کو نہ دی گئی ہو۔ع آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری