ملفوظات (جلد 3) — Page 411
تذبذب میں رہتا ہے مگر جب ان کی چمکار نظر آتی ہے تو سینہ کی غلاظتیں دور ہو جاتی ہیں۔یہ کتنی خوشی کی بات ہے کہ اب معلوم ہوتا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہماری جماعت کا تزکیہ نفس کرنے لگا ہے اولیاء خدا کے وفادار بندے ہی ہوا کرتے ہیں اور کون ہوتے ہیں۔یہ بھی ایک الہام ہے کہ آگ سے ہمیں مت ڈرائو آگ ہماری غلام بلکہ غلاموں کی غلام ہے۔یہ بات بھی کیسی پوری ہوئی طاعون بھی آگ ہے حدیث میں آیا ہے کہ بہشتی ایک دفعہ دوزخ کی سیر کو جاویں گے اور ایک پیر آگ پر رکھیں گے کہ کس طرح جلاتی ہے تو آگ کہے گی اے مومن! ذرا پیچھے ہٹ جا تُو تو مجھے بجھاتا ہے۔ایک رؤیا عصر کی نماز سے پیشتر آپ نے تھوڑی دیر مجلس فرمائی اور ایک خواب بیان کیا۔جسے دیکھے ہوئے قریب دو ہفتے گذرے تھےوہ خواب یہ ہے کہ ایک مقام پر میں کھڑا ہوں تو ایک شخص آکر چیل کی طرح جھپٹا مار کر میرے سر سے ٹوپی لے گیا پھر دوسری بار حملہ کر کے آیا کہ میرا عمامہ لے جاوے مگر میں اپنے دل میں مطمئن ہوں کہ یہ نہیں لے جا سکتا۔اتنے میں ایک نحیف الوجود شخص نے اسے پکڑ لیا مگرمیرا قلب شہادت دیتا تھا کہ یہ شخص دل کا صاف نہیں ہے۔اتنے میں ایک اور شخص آگیا جو قادیان کا رہنے والا تھا اس نے بھی اسے پکڑ لیا میں جانتا تھا کہ موخرالذکر ایک مومن متقی ہے پھر اسے عدالت میں لے گئے تو حاکم نے اسے جاتے ہی چار یا چھ یا نو ماہ کی قید کا حکم دے دیا۔(بوقتِ مغرب) غیروں کی مساجد میں نماز نور بخش صاحب نے بیعت کی اور عرض کیا کہ الحکم میں لکھا ہوا دیکھا ہے کہ غیراز جماعت احمدیہ کے پیچھے نماز نہ پڑھو۔فرمایا۔ٹھیک ہے اگر مسجد غیروں کی ہے تو گھر میں پڑھ لو۔اکیلے پڑھ لو۔حرج نہیں اور تھوڑے سے صبر کی بات ہے۔قریب اﷲ تعالیٰ ان کی مسجدیں برباد کر کے ہمارے حوالہ کر دے گا۔آنحضرتؐکے زمانہ میں بھی کچھ عرصہ صبر کرنا پڑا تھا۔