ملفوظات (جلد 2) — Page 226
پاک کیا اور علم دیا۔دوم وہ جو ان کی تابع داری کرتے ہیں۔ہمارے نزدیک ان لوگوں کی تابع داری کرنے والے بہت اچھے ہیں کیونکہ ان کو تزکیہ نفس عطایا گیا تھا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کے قریب تر کے ہیں۔میں نے خود سنا ہے کہ بعض لوگ امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حق میں سخت کلامی کرتے ہیں۔یہ ان لوگوں کی غلطی ہے۔(از نوٹ بک مولوی شیر علی صاحب) ۱۵؍اگست۱۹۰۱ء کی صبح کو ایک الہام ہوا وَاِنِّیْ اَرٰی بَعْضَ الْمَصَائِبِ تَنْزِلُ ۱ ۲۶؍اگست۱۹۰۱ء صبح بوقتِ سیر فرمایا۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوت قدسی اچھی زندگی وہ ہے جو عمدہ ہو اگرچہ تھوڑی ہو۔حضرت نوح کے مقابلہ میں ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر بہت تھوڑی تھی مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر نہایت مفید تھی۔تھوڑے سے عرصہ میں آپ نے بڑے بڑے مفید کام کیے۔انبیاء کے اقوال میں ایک اثر ہوتا ہے۔وہ اپنے ساتھ قوت قدسیہ رکھتے ہیں۔یہ قوت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں سب سے زیادہ تھی۔دیکھو! ایک آدمی کو سمجھانا اور راہ پر لانا کیسا مشکل ہوتا ہے مگر آنحضرت کے طفیل کروڑوں آدمی راہ پر آگئے۔اس وقت دنیا میں تمام مذاہب کے مقابلہ پر سب سے زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے۔بعض جغرافیہ والوں نے مسلمانوں کی تعداد کم لکھی ہے مگر محققین نے بڑے بڑے ثبوت دے کر اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔