ملفوظات (جلد 2) — Page 137
کر چکے ہیں تو یہ لوگ اس قسم کے تھے جودوسروں کے اعتراضات سے متاثر ہو گئے اور ایمان کمزور ہوگیا۔نتیجہ یہ ہوا کہ اپنے مذہب کو ہاتھ سے چھوڑ بیٹھے اور عیسائیت کو قبول کر لیا۔سراج الدین عیسائی بھی ایسے ہی آدمیوں میں سے تھا۔یہ لوگ کسی صادق کی صحبت میں کامل زمانہ نہیں گزارتے اور طرح طرح کی خواہشوں کے اسیر اور پابند ہو کر اپنے مذہب اور ایمان جیسی قیمتی چیز کے بدلے عیسائیت خرید لیتے ہیں۔غرض میرے دشمنوں اور مخالفوںکی تعداد ابھی ایسی خطر ناک پیدا نہیں ہوئی جس قدر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمن اسلام میں سے نکل کر پیدا ہو گئے ہیں۔صفدر علی اور عماد الدین وغیرہ نے کون سی کسر باقی رکھی ہے اور میں تو سچ کہتا ہوں۔اللہ تعالیٰ گواہ ہے کہ مجھے اپنی دشمنی اور اپنی توہین یا عزّت اور تعظیم کا تو کچھ بھی خیال نہیں ہے۔میرے لئے جو امر سخت ناگوار ہے اور ملالِ خاطر کا موجب ہمیشہ رہا ہے وہ یہی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جیسے کامل اور پاک انسان کی توہین کی جاتی ہے۔اس صادقوں کے سردار، سراسر صدق کو کاذب کہا جاتا ہے۔یہ امر ہے جو میرے لیے ہمیشہ غم کا باعث رہا ہے۔اس لئے میں اسی فکر میںرہتا ہوں کہ اس مُردہ پرست قوم کے دجل اور مکر کو کھول کر ایسا دکھا دیا جائے کہ سب کھلا کھلا دیکھ لیں۔کل مجھے خیال آیا کہ مسیح موعودؑ کے کام میں یَکْسِـرُ الصَّلِیْبَ تو آیا ہے پر یَقْتُلُ الْـخَنْزِیْرَ کیوں آیا ہے۔تو یہی سمجھ میں آیاکہ یہ تفنن عبارت کے طور پر آیا ہے۔وہ لوگ جو مرتد ہوئے ہیں ان کے مادے چونکہ خراب تھے اس لئے ایسے بد اتفاق بھی ان کو پیش آتے گئے یہاں تک کہ آخر مرتد ہو گئے اور صرف اپنے نفس کے غلام ہو کر زندگی بسر کرنے لگے۔تریاقی صحبت وہ آدمی جو کسی تریاقی صحبت میں رہے اور اس طرح رہے جو رہنے کا حق ہے تو اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے اس کو ایسے زہروں سے بچا لیتا ہے اور یہ بات کہ انبیاء علیہم السلام کی یا آسمانی کتابوں کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟بہت صاف امر ہے۔دیکھو! آنکھ میں بھی ایک روشنی اور نور ہے لیکن وہ سورج کی روشنی کے بغیر دیکھ نہیں سکتی۔آنکھ خدا نے دی ہے