ملفوظات (جلد 10) — Page 316
آپ مجھے اپنا کچھ عزیز وقت دے سکتے ہیں ؟ جواب۔فرمایا کہ ان دنوں میں ہماری طبیعت بیمار ہے۔ہم زیادہ محنت نہیں برداشت کرسکتے۔البتہ صحت کی حالت ہوتو ممکن ہے۔فقط ۱ ۱۴؍مئی ۱۹۰۸ء (بوقتِ صبح) کلام کی عمدگی فرمایا۔قرآن مجید ایک ایسی غذا کی مانند ہے جو ہر طبقے ہر مزاج کے لوگوں کے مناسب حال ہے اور یہی اس کے خدا کی طرف سے ہونے کا ثبوت ہے۔ہم چاہتے ہیں ہماری جماعت کے لوگ بھی بولنا سیکھیں۔ان کا طرز تقریر بھی ایسا ہی ہوکہ جیسا وہ اعلیٰ درجہ کے لوگوں کے لئے مفید اورادنیٰ کے لئے بھی فائدہ رساں ہے۔اصل میں کلام کی عمدگی یہی ہے کہ وہ ہر قسم کے لوگوں کے مطابق حال ہو۔اسلام ایک وسطی راہ ہے فرمایا۔خدا نے اسلام کو دوسرے لوگوں کے لئے نمونہ بنایا ہے۔اس میں ایسی وسطی راہ اختیار کی گئی ہے جو افراط وتفریط سے بالکل خالی ہے۔وَ كَذٰلِكَ جَعَلْنٰكُمْ اُمَّةً وَّسَطًا لِّتَكُوْنُوْا شُهَدَآءَ عَلَى النَّاسِ (البقرۃ:۱۴۴) الزامی جواب کا جواز فرمایا۔جواب دو قسم کے ہوتے ہیں۔ایک تحقیقی، دوسرے الزامی۔اللہ تعالیٰ نے بھی بعض جگہ الزامی جوابوں سے کام لیا ہے اس میں معترض کو اپنے مذہب کی کمزوری معلوم ہوتی ہے۔چنانچہ جب عیسائیوں نے کہا کہ عیسٰیؑ خدا کا بیٹا ہے اوردلیل یہ کہ وہ مریم کنواری کے پیٹ سے پیدا ہواتواللہ تعالیٰ نے فرمایا اِنَّ مَثَلَ عِيْسٰى عِنْدَ اللّٰهِ كَمَثَلِ اٰدَمَ (اٰل عـمران:۶۰) یعنی اگر یہی اس کے بیٹا ہونے کا ثبوت ہے توآدم بطریق اوّل بیٹا ہونا چاہیے۔۱ الحکم جلد ۱۲نمبر ۳۶ مورخہ ۲؍جون ۱۹۰۸ءصفحہ ۶تا۸