ملفوظات (جلد 10) — Page 227
متقدمین بزرگ اوراولیا ء اللہ صاف لکھ گئے ہیں وَلِلہِ بِاَوْلِیَآءِہٖ مُکَالِمَاتٌ وَمُـخَاطِبَاتٌ دنیا میں صدہا نہیں بلکہ ہزاروں لاکھوں ہیں جن کو سچی خوابیں آتی ہیں بلکہ سچی خواب تو بعض اوقات بلا امتیاز نیک وبد کافرومسلم کو بھی آجاتی ہے۔بعض وقت زانی مردوں اورزانیہ عورتوں کو، چوہڑے چماروں کو بھی سچی خوابیں آجاتی ہیں۔پھر مومن کو جوکہ بوجہ اپنے ایمان صحیح کے ان سے بڑھ کر اس بات کا مستحق ہے کیوں سچی خواب یا کشوف اورالہامات نہ مانے جاویں۔بلکہ مومن کو بہت بڑھ چڑھ کر یہ سب باتیں میسّر آسکتی ہیں۔اس سے یہ مت خیال کرو کہ اس طرح صادقوں اورمامورین انبیاء و رسل کی رئویا اور کشوف اورالہامات کی بے رونقی ہوتی ہے یا ان کی شان میں کوئی فرق یا بے وقعتی لازم آتی ہے۔نہیں بلکہ یہ امورتو اس وحی نبوت اور خدا کے مکالمات مخاطبات کے واسطے جو کہ اس کے انبیاء اور رسولوں کو اس کی طرف سے عطاکئے جاتے ہیں ان کی تصدیق کرتے ہیں اور ان کی صداقت کی ایک قوی دلیل ہیں کیونکہ اگر اس کا بیج ان لوگوں میں نہ پایا جاتا تو ممکن تھا کہ وہ فاسق فاجر اور بے دین لوگ وحی اور الہام کے وجود سے ہی انکار کر بیٹھتے اور پھر ان کا اعتراض قوی ہوتا اسی واسطے اللہ تعالیٰ نے اپنی کامل حکمت سے انبیاء اولیاء کے مکالمات اور مخاطبات اور وحی نبوت کے واسطے بطور تخم ریزی یہ ایک شہادت ہر طبقہ کے لوگوں میں خود ان کے نفسوں میں پیدا کردی تاکہ انسان کو انکار کرنے کے واسطے کوئی مفرّ رہ نہ جاوے اور اندر ہی اندر ملزم ہوتا رہے۔سلسلہ مکالمہ ومخاطبہ اسلام کی روح ہے قاعدہ کی بات ہے کہ انسان کو اگر کسی چیز کا نمونہ نہ دیا جاوے تو اس کے متعلق شبہات میں مبتلا ہوجاتا ہے۔یہ بات صرف صرف اسلام ہی میںپائی جاتی ہے۔اور یہ صداقت مذہب کی ایک اعلیٰ دلیل ہے جو کسی دوسرے مذہب میں پائی نہیں جاتی۔اسلام ہی خدا کو پسند اور خدا کا مقرب و مقبول مذہب ہے اس واسطے اس نے محض اپنے رحم سے اسلام مسلمانوں کو ٹھوکر اور شبہات سے بچانے کے واسطے سلسلہ مکالمات اور مخاطبات کا ہمیشہ جاری رہنے والا اکمل فیضان عطا