مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 78 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 78

مکتوب نمبر۶ محبیّ مکرمی اخویم السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔اشتہارات آپ کی خدمت میں بھیجے گئے ہیں۔یہ عاجز آپ کے لئے دعا کرنے سے غافل نہیں۔اللہ جلّ شانہٗ جب چاہے گا تو کوئی ایسا وقت آ جائے گا کہ دعا کی جائے گی اور قبول ہو جائے گی۔ذوق اور بے ذوقی کی حالت میں جس طرح ہو سکے اعمالِ صالحہ کی بجا آوری میں لگے رہیں جب انسان پختہ عہد کر کے ثابت قدمی سے طاعت ِ الٰہی میں مشغول ہو تا ہے تو بے ذوقی سے ذوق اور بے حضوری سے حضور پیدا ہو جاتا ہے۔نماز میں سورۂ فاتحہ کی دعا کا تکرار نہایت مؤثر چیز ہے کیسی ہی بے ذوقی اور بے مزگی ہو اس عمل کو برابر جاری رکھنا چاہیے۔یعنی کبھی تکرار آیت  کا اور کبھی تکرار آیت  کا اور سجدہ میں یَاحَیُّ یَاقَـیُّوْمُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ۔زندگی کا ذرہ اعتبار نہیں اور دنیا کی خواب گاہ نہایت دھوکا دینے والی چیز ہے۔رات کو دعا کرو صبح کو دعا کرو کبھی جنگل میں جا کر دعا کرو۔کبھی جماعت کے ساتھ اور کبھی خلوت میں دروازے بند کر کے دعا کرو تا خدا تعالیٰ نفس امارہ سے آزادی بخشے۔جہاں تک ہو سکے گریہ و زاری کی عادت ڈالو کہ رونے والوں پر اس کو رحم آتا ہے کوشش کرو کہ تا خدا تعالیٰ کے روبرو ایسے صاف و پاک ہو جائو کہ جیسے قرآن شریف کی ہدایتوں کے رو سے اس کا منشاء ہے۔کاہلی کچھ چیز نہیں اور بے مجاہدہ کوئی کسی منزل تک پہنچ نہیں سکتا۔٭ ۱۶؍جون ۱۸۸۹ء والسلام خاکسار غلام احمدعفی عنہ ٭ الفضل نمبر ۱۶۱ جلد ۳۴ مورخہ ۱۱؍جولائی ۴۶ء صفحہ۳