مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 77 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 77

مکتوب نمبر۵ بطرف مولوی سید محمد اَحسن صاحب امروہی بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ خدا آپ کو امراض بدنی و روحانی سے نجات بخشے۔ہمت کو بلند کرو اور نظر اٹھا کر دیکھو کہ دنیا جس کے لئے انسان مرتا ہے اورکاہلی اختیار کرتاہے کس قدر ثبات و استحکام رکھتی ہے کیا حباب کی طرح نہیں جس کے عدم اور وجود کا گویاایک ہی زمانہ ہے۔خدا تعالیٰ سے ہر وقت بصیرت چاہو۔تا وُہ دنیا کی بے ثباتی ظاہر کرے اور قوت چاہو تااس کی طرف قدم اٹھا سکو۔انسان کو اس سے کیا فائدہ کہ وہ ایک عرصہ اور مدت دراز اپنے اہل و عیال میں امن اور خوشی اور راحت کے گزارے اور پھرآخرکار خالی ہاتھ جائے۔شیطان انسان کا سخت دشمن ہے اور پھر وہی فتح پاتا ہے جو خدا تعالیٰ سے بیعت الموت کرے۔جو بیعت الموت خدا تعالیٰ سے کرتا ہے۔اس کو غیبی قوت ملتی ہے اور جس طرح ستارے بے ستون کھڑے ہیںاور گرتے نہیں۔اسی طرح وہ بھی خدا تعالیٰ کے عہد پر کھڑا رہتا ہے اور گرتا نہیں۔بے آرامی میں رہو جب تک سچا آرام نہ پائو۔دنیا میں ایسے لوگ بہت ہیں کہ اسلام کی حقیقت سے بے خبر اور اسلام کی صورت پر ناز کر رہے ہیں۔مگر تمام حقیقت اسلام کی یہی ہے کہ انسان بکلّی خدا کی طرف چلا آوے۔اور جان اور مال اور اہل و عیال وغیرہ لوازم زندگی میں سے کوئی چیز اس کے روکنے والی نہ ہو۔۔۱؎ ٭ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ٭٭ ۱؎ اٰل عمران : ۹۳ ٭ الحکم نمبر۲۶ جلد ۳۸ مورخہ ۲۱؍جولائی ۱۹۳۵ء صفحہ ۱۱ ٭٭ الفضل نمبر۱۶۱ جلد۳۴ مورخہ ۱۱؍جولائی ۱۹۴۶ء صفحہ ۳