مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 76
مکتوب نمبر ۳ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ مکرمی اخویم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ وَالْمَنَّۃُ کہ خداوند کریم و رحیم نے آپ کو شفا بخشی۔نہایت خوشی ہوئی۔طبع کتاب میں منجانب اللہ ایسی روکیں اور ایسے موانع پیش آتے رہے ہیں کہ جن کی وجہ سے آج تک طبع حصہ پنجم و دیگر رسائل معرضِ توقف میں ہوتا گیا۔مگر یہ حکمت ِ الٰہی ہے دیرآید درست آید۔امید رکھتا ہوں کہ اللہ جلّ شانہٗ اپنے فضل و کرم سے خو د تمام کام انجام پذیر کر دے گا کہ سب کام اُس کے ہاتھ میں ہے۔ایک اشتہار ارسال خدمت ہے اِس کو جہاں تک ممکن ہو شائع کر دیں۔زیادہ خیریت ہے۔٭ والسلام ۷؍جنوری ۱۸۸۹ء خاکسار غلام احمد از قادیان مکتوب نمبر۴ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ مکرمی اخویم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔مولوی محمد صدیق حسن صاحب کے لئے جیسا کہ اشارہ ہوا تھا۔اس عاجز نے دعا ئِ مغفرت کی تھی۔امید کی جاتی ہے کہ اُن کے حق میں بہتر ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنے حالات سے مطلع و مطمئن فرماتے رہیں۔زیادہ خیریت ہے۔٭٭ والسلام ۲۷؍مارچ ۱۸۸۹ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ ٭ الحکم نمبر۲۳ جلد۷ مورخہ ۲۴؍جون ۱۹۰۳ء صفحہ ۳،۴ ٭٭ ؍؍ ؍؍ ؍؍ صفحہ ۴