مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 544 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 544

میں نہایت قلیل ہوتاہے۔اور اخبار غیبیہ بھی اس میں نہایت کم ہوتی ہیں۔اور باوجود کمی کے مشتبہ اور مکدر اور خیالات نفسانی سے آلودہ ہوتی ہیں۔تو اس صورت میں عقل سلیم خود چاہتی ہے کہ جس کی وحی اور علم غیب اس کدورت اورنقصان سے پاک ہو اس کو دوسرے معمولی انسانوں کے ساتھ نہ ملایا جائے بلکہ اس کو کسی خاص نام کے ساتھ پکارا جائے تاکہ اس میں اوراس کی غیر میں امتیاز ہو۔اس لئے محض مجھے امتیازی مرتبہ بخشنے کے لئے خدا نے میرا نام نبی رکھ دیا۔اور مجھے ایک عزت کا خطاب دیا گیا ہے تاکہ اُن میں اور مجھ میں فرق ظاہر ہوجائے۔ان معنوں سے میں نبی ہوں اور امتی بھی ہوں۔تاکہ ہمارے سیدو آقا کی وہ پیشگوئی پوری ہو کہ آنے والا مسیح امتی بھی ہوگا اور نبی بھی ہوگا۔ورنہ حضرت عیسیٰ جن کے دوبارہ آنے کی باری ہے۔ایک جھوٹی امید اور جھوٹی طمع لوگوں کو دامنگیر ہے۔وہ امتی کیوں کر بن سکتے ہیں۔کیا آسمان سے اتر کر نئے سرے سے مسلمان ہوں گے۔یا کیا اس وقت ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم خاتم الانبیاء نہیں رہیں گے۔والسلام علیٰ من اتبع الہدیٰ ٭ ۲۳؍مئی ۱۹۰۸ء الراقم خاکسار المفتقر الی اللّٰہ الاحد غلام احمدعفی عنہ از شہرلاہور