مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 470 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 470

مکتوب بنام سید نادر شاہ صاحب از پاکپٹن شریف مکرم و مخدوم بندہ! السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ آجکل بیماری طاعون کا ہر چہار طرف دور دورہ ہے۔اہل اسلام اس بیماری سے بچائو کے واسطے احکام دینی کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔علمائے دین مختلف فتاویٰ عائد کر کے نہایت مشکلات میں ڈال دیتے ہیں۔پس آنجناب کو برگزیدہ و رکن اعظم اسلام تسلیم کر کے التماس ہے کہ بحوالہ کتب معتبرہ مفصلہ ذیل فتویٰ سے آگاہی بخشیں۔کیا فرماتے ہیں علمائے دین کہ مقام طاعون زدہ سے جائے انتقال کرنی جائز ہے یا نہیں۔اور ایسی بیماری سے بچائو کے لئے کیا تدابیر اور وسائل اختیار کئے جاویں۔براہ نوازش بنظر ہمدردی اسلام ورفاہ عام جواب سے بواپسی عند اللہ ماجور و عند الناس مشکور فرماویں۔والسلام احقر العبادسیّد نادرشاہ عفی اللہ عنہ پیرزادہ درگاہ حضرت مولانا سید بدرالدین اسحاق رحمت اللہ علیہ از پاک پٹن شریف ضلع منٹگمری فتوے ٰ بموجب حدیث صحیح کے یہ فتویٰ ہے کہ اگر طاعون کی ابتدائی حالت ہو تو اس شہر سے نکل جانا چاہیے اور اگر طاعون زور پکڑ جائے تو نہیں جانا چاہیے۔مگر مضائقہ نہیں کہ اسی گائوں کی سرزمین میں باہر سکونت اختیار کریں۔مرزا غلام احمد