مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 338
ذیل میں ہم اپنے پرانے بھائی چوہدری عبدالعزیز صاحب نمبرداربٹالہ کاتوبہ نامہ شائع کرتے ہیں جو انہوں نے حضرت اقدس کے حضور ارسال کیا ہے۔بیشک چوہدری صاحب نے بڑی اخلاقی جرأت سے کام لیا ہے۔آجکل اپنی بات کا نبھانا اورضد کرنا ایک معمولی سی بات ہو گئی ہے۔مگر یہ خدا کا فضل ہے کہ چوہدری صاحب نے اپنی غلطی کا اقرار کیا اور آپ کو خدا تعالیٰ کے صادق مسیح موعود کے خدام میں داخل ہونے کے سوا نجات کی کوئی راہ نظر نہ آئی اور حقیقت میں آج نجات کے لئے خدا تعالیٰ نے یہی راہ پسند کی ہے۔بحضور عالی جناب حضرت اقدس ؑ مسیح موعوددام برکاتہ جناب عالی فدوی شیطان کے دھوکہ میں آکر آپ سے مرتد ہوا اور دلی بصیرت کو کھو کر ضلالت کے گڑھے میں گرا اور سال سے زیادہ عرصہ تک اسی میں رہا۔اب خداوند تعالیٰ نے آپ ہی مہربانی فرماکر حق بینی کی آنکھیں عطافرمائیں جن سے معلوم ہوا کہ صرف حضور کے ہی سلسلہ میں نجات ہے اور باقی سب جگہ ہلاکت۔پس آپ بھی رحمۃ للعالمین ہیں۔اس عاصی کی دستگیری کریںاورپچھلی خطا معاف فرماکرپھر سلسلہ احمدیہ میں داخل فرمائیں تاکہ نجات ہو۔٭ مورخہ ۹؍اکتوبر ۱۹۰۲ء فدوی عبدالعزیز نمبرداربٹالہ ٭ الحکم نمبر۳۷ جلد ۶ مورخہ ۱۷؍اکتوبر ۱۹۰۲ء صفحہ ۱۶