مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 321
ہے کہ میں خدا کی توحید اور جلال ظاہر کرنے کے لئے کوشش کروں۔اگر تمام دنیا میرے مخالف ہو جائے تو میں اس سے اپنی ہمت اور استقلال کو سست نہیں کروں گا اور اگر تمام دنیا میرے ساتھ ہو جائے تو میں اس پر بھروسا نہیں کروں گا۔بیشک میں اس کام کے لئے انصار کا محتاج ہوں مگر کوئی میری طرف آنہیں سکتا جب تک میرا خدا اس کو اس طرف روانہ نہ کرے۔تفتیش اور تحقیق کرنا عقلمندوں کا حق ہے اور ایسا ہی ان کو کرنا چاہیے۔کاش اس نیک سیرت اور پاک ارادہ کے سب لوگ ہو جائیں۔آمین۔اور مجھے اس نیک ظن کی کشش سے جو آپ کی نسبت پیدا ہو گیا ہے۔باربار یہ خیال دل میں آتا ہے کہ آپ اگر ایک مختصر بلکہ نہایت مختصر حصہ اپنی زندگی اور اپنے اوقات کا مثلاً دو مہینے تک میری صحبت میں آکر خرچ کریں۔امید ہے کہ وہ اس ضروری سفر طے کرنے کے لئے آپ کی مستعد طبیعت کو ایک پرُزور انجن کا کام دے گا بیشک آپ ایک عجیب خاصیت اپنے اندر رکھتے ہیں کہ باوجود صدہا طور کی دنیوی روکوں کے پھر بھی آپ کی روح زور کر کے روحانیت کی تلاش میں لگ جاتی ہے۔خدا تعالیٰ آپ کو اس ارادہ میں کامیاب کرے۔آمین۔اگر آپ اس جگہ تشریف لاویں تو دعا کے لئے بھی خوب موقع ہو گا۔ہر ایک چیز کے لئے ایک قانون ہے ایسا ہی دعا کے لئے بھی۔٭ والسلام ٭ الحکم نمبر۳۶ جلد۵ مورخہ ۳۰؍ستمبر۱۹۰۱ء صفحہ ۴،۵