مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 23
اراضیات اپنے چھوٹے بھائی مرزا سلطان احمد صاحب کو دے کر تقسیم ملک کے بعد ڈگری صوبہ سندھ چلے گئے اور وہیں اپریل ۱۹۵۸ء کو ماہِ رمضان میں خدا تعالیٰ کے حضور حاضر ہو گئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ قادیان کو اپنا وطن سمجھتے تھے اور گوجرہ رہائش کے دوران میں بمع اہل و عیال اکثر قادیان آتے رہتے تھے اور حضرت مسیح موعود ؑ کے خاندان سے آپ کا خاص تعلق ہونے کی وجہ سے اکثر حضرت اماں جان ؓ کے پاس یا حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ کے پاس رہائش رکھتے تھے اور آپ کی بیٹی صادقہ صاحبہ کو حضرت مسیح موعود ؑ نے گڑھتی دی تھی۔پہلی دفعہ آپ جب حضرت مسیح موعود ؑ سے ملنے قادیان آئے تو آپ کی رہائش حضرت مسیح موعود ؑ کے مکان میں تھی۔آپ کی اہلیہ کا نام مبارکہ تھا اور حضرت مسیح موعود ؑ کی صاحبزادی کا نام بھی مبارکہ بیگمؓ تھا اس لئے آپ کی اہلیہ کا نام فضل النساء رکھ دیا گیا چنانچہ وہ اسی نام سے موسوم رہیں۔آپ صاحبِ کشف اور رؤیا تھے۔آپ حضرت مسیح موعود ؑ کی کتب غورسے پڑھتے رہتے تھے۔آپ نے خطبہ الہامیہ کا اکثر حصہ حفظ کیا ہوا تھا جس کو آپ دوہراتے رہتے تھے۔٭ ٭ تلخیص از الفضل مورخہ ۱۵؍جون ۱۹۵۸ء صفحہ۵