مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 22
حضرت مرزا سلطان محمود بیگ صاحبؓ حضرت مرزا محمود بیگ صاحبؓ ولد مرزا فتح محمد بیگ صاحب اَلسَّابِقُونَ الْاَوَّلُوْنَ میں سے تھے۔آپ پٹی ضلع قصور کے رہنے والے تھے۔آپ کے والد صاحب عربی کے باقاعدہ تعلیم یافتہ عالم تھے۔آپ پٹی کے رئوسا اور کرسی نشینوں میں سے تھے اور منصف تھے۔حضرت مرزا محمود بیگ صاحب نے ابتدائی تعلیم اپنے علاقہ میں ہی حاصل کی۔غالباً ۱۸۹۶ء یا ۱۸۹۷ء میں آپ بیعت کر کے سلسلہ احمدیہ میں داخل ہوئے۔بیعت کے بعد یک لخت ایک غیر معمولی تغیر نیکی اور دین کی طرف ہوا اور جوانی میں ہی طبیعت دنیاوی امور سے نفرت کرنے لگی۔بیعت کے بعد آپ نے فرض نمازوں کے علاوہ تہجد بھی باقاعدہ شروع کر دی اور جب نماز پڑھتے تو انتہائی عاجزی اور گریۂ و زاری سے نماز ادا کرتے۔آپ غالباً ۱۸۹۸ء میں قصور سے میٹرک پاس کر کے قادیان آ گئے اور تعلیم الاسلام ہائی سکول میں ملازمت اختیار کرلی اور پھر اپنے اہل و عیال اور چھوٹے بھائی کو بھی قادیان لے گئے لیکن۱۹۰۲ء یا ۱۹۰۳ء میں ملازمت سے علیٰحدگی اختیار کر لی اور حضرت مسیح موعود ؑ کے مشورہ سے گوجرہ ضلع لائلپور (حال ٹوبہ ٹیک سنگھ)میونسپل سکول میں ملازمت اختیار کر لی۔جتنا عرصہ آپ گوجرہ میں رہے جماعت کے امام الصلوٰۃ اور پریذیڈنٹ رہے۔گوجرہ میں آپ نے تقریباً ۲۰ سال ملازمت کی اور غالباً ۱۹۳۵ء کے قریب ملازمت سے فارغ ہو کر بمع اہل و عیال واپس قادیان دارالامان پہنچ گئے۔قادیان میں تجارت کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ہو سکی اور تقریباً ۱۹۴۰ء یا ۴۱ء میں قادیان سے واپس اپنی جدّی جائیداد پر قبضہ کے لئے پٹی آ گئے اور کچھ عرصہ بعد