مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 296 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 296

مارچ اپریل ۱۹۰۸ء کا ذکر ہے کہ میری لڑکی امۃ اللہ جو میاں نصیر احمد کی رضاعی بہن تھی مرض خسرہ میں مبتلا ہو گئی۔حضرت اقدس ؑ کو دعا کے لئے عرض کیا آپ نے فرمایا مجھے ہر روز دعا کے لئے یاد دلایا کرو۔اور اس کی حالت سے اطلاع دیا کرو۔چنانچہ تعمیل کی جاتی اور آپ دعا فرماتے رہے۔مگر قضاء قدر کے سامنے کسی کی پیش نہیں جاتی۔آخر ۹؍اپریل ۱۹۰۸ء کو یعنی حضور ؑ کے وصال سے قریباً ڈیڑھ ماہ قبل فوت ہو گئی۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔میری بیوی کی والدہ یہاں پہنچی۔اس نے چاہا کہ اپنی لڑکی کو ہمراہ لے جائے تاکہ اس کا غم غلط ہو۔میں نے حضرت اقدس ؑ کو لڑکی کے فوت ہونے کی اور اپنی ساس کے ارادہ سے آگاہ کیا۔اس پر حضرت اقدس ؑ نے ذیل کا خط مجھے لکھا۔مکتوب نمبر۱ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ میں نے خط پڑھ لیا ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ بہت دعا کروں گا کہ خدا تعالیٰ نعم البدل عطا فرمائے۔مگر صبر شرط ہے۔جب انسان خدا تعالیٰ کے ایک فعل پر حد سے زیادہ بے صبری کرتا ہے تو اپنے ثواب کو کھو بیٹھتا ہے۔والدین کے گھر میں جانے کا مضائقہ نہیں۔مگر عورت کے لئے اپنے مرد سے زیادہ کوئی مونس وغمخوار نہیں ہوتا۔چند روز کے لئے اگر چلی جائیں تو کوئی مضائقہ نہیں۔مگر زیادہ ٹھہرنا مناسب نہیں۔اس غم میں آپ اور وہ دونوں شریک ہیں۔پس کس طرح ان کو گوارہ ہے۔آپ کو اس غم کی حالت میں اکیلا چھوڑ کر چلی جائیں۔اور ہماری شریعت کی رُو سے زیادہ غم آئندہ ملنے والے اجر سے محروم کر دیتا ہے۔یہ سب خدا تعالیٰ کے ابتلاء ہیں جس کو چاہتا ہے بھیجتا ہے جس کو چاہتا ہے اٹھا لیتا ہے۔غم حد سے زیادہ زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔حد سے زیادہ غم مبارک نہیں ہوتا۔خدا تعالیٰ کا مقابلہ ہے اور ایمان کے برخلاف ہے۔زیادہ آپ خود سمجھتے ہیں۔اگر صبر اور استقامت سے مجھے یاد دلاتے رہیں گے تو میں دعا کروں گا۔مجھے شک ہے کہ یہ اٹھرا کی بیماری ہے۔اس میں بڑی دوائی جو میرے تجربہ میں آچکی ہے کہ میاں بیوی ڈیڑھ برس تک ایک دوسرے سے علیٰحدہ رہیں یعنی جماع سے پرہیز کریں۔بلکہ بھائی بہن کی طرح رہیں۔دل پاک و صاف رکھیں اور دعا کرتے رہیں۔تب یہ بیماری انشاء اللہ تعالیٰ دور ہو جائے گی۔اس کے ساتھ دوسری دوائیں بھی دی جائیں گی۔مجھے یاد دلانے پر نسخہ لکھ دوں گا۔٭ والسلام مرزا غلام احمد ٭ الحکم جلد۴۲ نمبر۱ مورخہ ۱۴؍جنوری ۱۹۳۹ء صفحہ ۴