مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 203
ہے کہ آپ تجویز کر دیں کہ ایک ہشیار طالب علم ایک وقت مقرر کرکے پڑھایا کرے۔جو کچھ آپ مقرر کریں اس کو ماہ بماہ دیا جائے گا۔ضرور تجویز آج ہی کر دیں اور مجھ کو اِطلاع دیں۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمدعفی عنہ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ حضرت مرشدنا و مہدینا مسیح موعود ؑ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ حسب الحکم میاں محمود احمد صاحب کے واسطے اُستاد کی تجویز کی گئی ہے۔رات کو بخار رہا۔مولوی صاحب کے فرمانے پر کونین اور حضور والی گولی کھائی ہے۔دُعا۔دُعا۔دُعا۔آج رات میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک دیوانہ آدمی میرے پیچھے دوڑا۔میں بھاگا مگر اُس نے مجھے پکڑ لیا۔میرے ہاتھ میں ایک لمبی چھڑی ہے۔جس کے ساتھ میں اسے مارتا ہوں۔پر وہ نہیں چھوڑتا پھرمیں کیا دیکھتا ہوں کہ وہی دیوانہ مُرغی بن گیا۔اور میری چھڑی چاقو بن گئی ہے۔میں نے چاقو اُس مرغی کے گلے پر مارا تو وہ مر گئی اور میں چلاآیا۔۱۲؍جنوری۱۹۰۵ء والسلام حضور ؑکی جوتیوں کا غلام عاجز محمد صادق عفا اﷲ عنہ مکتوب نمبر ۳۱ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ دعا برابر کرتا ہوں۔انشاء اﷲ خدا تعالیٰ شفا دے گا اور خواب نہایت عمدہ ہے۔یہ صریح شفا پر دلالت کرتی ہے۔بہت خوب ہے۔والسلام مرزا غلام احمد عفی عنہ