مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 153
اعزاز آپ کوحاصل رہا۔چنانچہ آپ نے ۱۹۰۹ء۔۱۹۱۰ء میں سینئر ٹرینڈ مدرس تعلیم الاسلام سکول قادیان کی حیثیت سے سلسلہ کی دینی و تعلیمی خدمات کا آغاز فرمایا۔۱۹۱۴ء سے ۱۹۲۱ء تک تعلیم الاسلام ہائی سکول قادیان کے ہیڈماسٹر رہے۔اسی دوران کچھ عرصہ کے لئے ریویوآف ریلیجنز اُردو و انگریزی کے ایڈیٹر بھی رہے۔جنوری ۱۹۲۳ء سے دسمبر ۱۹۲۵ء تک آپ امریکہ میں تبلیغ اسلام کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔۱۹۲۶ء سے ۱۹۴۲ء تک دوبارہ ہیڈماسٹر کی حیثیت سے تعلیم الاسلام ہائی سکول قادیان میں خدمات بجا لائے۔۱۹۴۲ء سے ۱۹۴۷ء تک گرلزہائی سکول قادیان کے ہیڈماسٹر اور مینیجر کے عہدہ پر مامور رہے۔ہجرت کے بعد اکتوبر ۱۹۴۷ء سے لے کر اپریل ۱۹۶۵ء تک صدرانجمن احمدیہ میں بطور ناظر تعلیم جماعت کے تعلیمی اداروں کی نگرانی و راہنمائی کا فریضہ بجا لاتے رہے۔بعد ازاں مئی ۱۹۶۶ء سے لے کر مارچ ۱۹۸۳ء تک آپ صدر انجمن احمدیہ کے صدر کے منصبِ جلیلہ پر فائز رہے اور اس طرح ۱۹۰۷ء سے لے کر ۱۹۸۳ء تک عہدِ وقف اور عہدِ خدمت کو نہایت شاندار اور قابلِ رشک انداز سے نبھاکر ایک حسین نمونہ قائم فرما گئے۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۱؍مارچ ۱۹۸۳ء میں آپ کے متعلق فرمایا کہ ’’… تمام عمر آپ ایک نہایت ہی پاک نفس اور درویش صفت انسان کے طور پر زندہ رہے۔کوئی انانیت نہیں تھی کوئی تکبر نہیں تھا… ایسا بچھا ہوا وجود تھا جو خدا کی راہوں میں بچھ کر چلتا تھا۔ذکرِ الٰہی سے ہمیشہ آپ کی زبان تر رہتی۔آپ زندگی کے آخری سانس تک داعی الی اللہ رہے‘‘۔آپ نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے قریباً ۱۰۲ سال کی عمر پائی اور اپنی زندگی کا ہر لمحہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کی خاطر صرف کیا۔٭ ٭ تلخیص از قرارداد تعزیت صدرانجمن احمدیہ بر وفات حضرت مولوی محمد دین صاحب