مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 122 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 122

مکتوب نمبر۱۸ (دستی خط معرفت مولوی یار محمد صاحب) السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ میں چند روز سے سخت بیمار ہوں۔بعض وقت جب دورہ دورانِ سر شدت سے ہوتاہے تو خاتمہ زندگی محسوس ہوتا ہے۔ساتھ ہی سر درد بھی ہے۔ایسی حالت میں روغن بادام سر اور پیروں کی ہتھیلیوں پر ملنا اور پینا فائدہ مند محسوس ہوتا ہے۔اس لئے میں مولوی یار محمد صاحب کو بھیجتا ہوں کہ آپ خاص تلاش سے ایسا روغن بادام کہ جو تازہ ہو۔اور ُکہنہ نہ ہو اور نیز اس کے ساتھ کوئی ملونی نہ ہو ایک بوتل خرید کر بھیج دیں۔پانچ روپیہ قیمت اس کی ارسال ہے اور نیز ہمارا پہلا کلاک یعنی گھنٹہ بگڑ گیا ہے۔اس لئے ایک کلاک عمدہ دوسرا خرید کرنے کے لئے مبلغ (نو روپے) بھیجتا ہوں۔یہ کلاک بخوبی امتحان کرکے ارسال فرماویں۔اس میں یہ بھی شرط ہے کہ اس کے ساتھ نیم گھنٹہ کی آواز دینے والی کل ہرگز نہ ہو صرف گھنٹوں کی آواز دے کہ اس صورت میں بسا اوقات دھوکہ ہو جاتا ہے اور اس کے ساتھ کئی دوسری چیزیں بھی خریدنی ہیں…اُن چیزوں کی تفصیل ذیل میں ہے۔والسلام مرزا غلام احمد عفی عنہ