مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 94 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 94

یہ مکتوب دراصل ایک پوسٹ کارڈ ہے جس کی ایک جانب حضورؑ کے دست مبارک سے رقم کردہ آپ کا پتہ اس طرح درج ہے۔شاہ آباد ضلع ہردوئی بخدمت محترم مولوی انوار حسین خان صاحب رئیس سلمہُ اللہ تعالیٰ اور دوسری جانب خط کا مضمون اس طرح درج ہے۔مکتوب نمبر۱ ژ بعد سلام مسنون بصیغہ ضروری دوامر نگارش ہیں۔(۱) تو یہ ہے کہ جو نوٹس وغیرہ آپ کی خدمت میں روانہ ہو ا وہ بدین غرض ہے کہ نوٹس کے تحت… جملہ احباب و مخلصین کے دستخط ثبت کرا کے بہت جلد روانہ فرمائیں کیونکہ رسالہ آریہ دھرم میں یہ جملہ دستخط طبع ہو کر شایع ہونے والے ہیں تاکہ اس سے مخالفین کا منہ … قانون پر اعتراضوں سے بند ہو جاوے کیونکہ قانون کے پاس ہونے میں کسی قدر تاخیر نہ ہو گی۔(۲) کہ جو درخواست گورنمنٹ میں بھیجی جاوے گی اس کے ساتھ نقشہ منسلکہ پر دستخط و مواہیر ہر یک اسلام معززین کے جہاں تک کثرت سے ممکن ہو ثبت ہو کر یہاں آنے ضروری ہیں۔چونکہ درخواست منظور ہونے اور نیز مواہیر و دستخط کثیر حصہ ایک اسلام کے کرانے میں دیر ہو گی لہٰذا نمبر اُولیٰ کی کارروائی مقدم ہو گئی ہے… اور نمبر دوئم کی کارروائی جاری رہے۔جزاوّل میں اگر کوئی صاحب مخالف بھی دستخط کریں تو مجاز ہیں۔۲۰؍ستمبر ۹۵ء مرزا غلام احمد بقلم محمد احسن از قادیان