مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 496 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 496

مکتوب نمبر۲ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ محبیّ اخویم مولوی غلام حسن صاحب سلّمہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ محض اس بات کے لئے تکلیف دیتا ہوں کہ صفیہ بنت قدرت اللہ خان کا جو عبدالحنان سے نکاح ہوا تھا اب وہ کرکے بہت تنگ ہے۔اس کی طرف سے ایک تار آئی ہے اور ایک خط بھی آیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ بہت ہی تنگ ہے۔اور خاوند اس کو ہر یک پہلو سے ایذا دیتا ہے۔میں نے خوب سوچا ہے کہ یہ بات راست آتی معلوم نہیں ہوتی ایک نہ ایک دن نتیجہ بد نکلے گا۔مجھے اس کی علامات سے یہ بھی خطرہ ہے کہ کسی دن تنگ آکر خودکشی نہ کرلے۔اس صورت میں ان کے ان منحوس تعلقات سے بہت خوف ہے اور نہایت خطرہ ہے۔شریعت یہی تاکید کرتی ہے کہ ایسی صورتوں میں خلع کیا جائے۔اس لئے مناسب ہے کہ چونکہ دونوں فریق ہماری جماعت میں سے ہیں۔آپ عبدالحنان کو کہہ دیں کہ ایسا نکاح تمہارے لئے بھی خطرناک اور شریعت کی رو سے بھی عورت کی سخت نہ رضامندی کی حالت میں خلع کا حکم ہے۔اسی لئے مکہ معظمہ میں ایسی صورتوں میں ہر روز بیسیوں خلع ہوتے ہیں۔آپ اگر فہمائش کریں گے تو یہ فتنہ بذریعہ طلاق فرو ہو جائے گا ورنہ ہماری جماعت میں یہ ایک فتنہ برپا ہوگا۔خدا جانے کہاں تک اس کی آگ مشتعل ہوگی۔اس لئے قدرت اللہ خان آپ کی طرف روانہ ہوتا ہے۔اس نے کہا تھا کہ میں آپ کی طرف کچھ لکھ دوں۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ