مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 481
مکتوب نمبر۲ مکرمی اخویم مولوی عبد الکریم صاحب السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ اس وقت قریباً دو بجے کے وقت وہ خط پہنچا جو اخویم سید حامد شاہ صاحب نے آپ کے حالات علالت کے بارہ میں لکھا ہے۔خط کے پڑھتے ہی کوفت غم سے وہ حالت ہوئی جو خدا تعالیٰ جانتا ہے۔اللہ تعالیٰ اپنا خاص رحم فرمائے۔میں خاص توجہ سے دعا کروں گا۔اصل بات یہ ہے کہ میری تمام جماعت میں آپ دو ہی آدمی ہیں جنہوں نے میرے لئے اپنی زندگی دین کی راہ میں وقف کر دی ہے۔ایک آپ اور ایک مولوی حکیم نور الدین صاحب۔ابھی تک تیسرا آدمی پیدا نہیں ہواہے۔جس قدر قلق ہے اور جس قدر بے آرامی ہے بجز خدا تعالیٰ کے اور نہیں جانتا ہے۔اللہ تعالیٰ شفا بخشے اوررحم فرمائے اور آپ کی عمر دراز کرے۔آمین ثم آمین۔جلد کامل صحت سے مجھے اطلاع بخشیں۔٭ ۲۴؍اکتوبر ۱۸۹۹ء خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ٭ الحکم نمبر۳ جلد۴ مورخہ ۲۴؍جنوری ۱۹۰۰ء صفحہ ۵