مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 482 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 482

چونکہ عام طور پر یہ مشہور تھا کہ حضرت اقدس علیہ السلام کا قیام ۳؍ستمبر تک لاہور میں ہے۔اس لئے حضرت حکیم نورالدین صاحب اور مولوی عبد الکریم صاحب کی رائے یہ تھی کہ اب سفر کے قیاس پر نماز قصر اور جمع کر کے ادا نہ کی جاوے بلکہ پوری نماز اپنے اپنے وقت پر ادا کی جاوے اور بعض دیگر اصحاب کا خیال تھا کہ جب تک ۱۵ دن کا قیام نہ ہو۔تب تک سفر ہی شمار ہو گا اور قصر نماز جمع کر کے ادا ہو گی۔آخر کار اس امر کے فیصلہ کے لئے حضرت امام الزمان کی طرف رجوع کیا گیا اور حضرت مولوی عبد الکریم صاحب نے ایک رقعہ بدیں مضمون حضور کی خدمت والا میں تحریر کیا۔آقائی صلوٰۃ اللہ علیک وسلامہٖ امام بخاری کے اجتہاد کے موافق پہلے ہم قصر کرتے ہیں کہ جب تک ہمیں یہ یقین نہ ہو جاوے کہ تین روز سے زیادہ ہمارا قیام ہو گا۔اب لاہور میں قریب دس روز تک قیام ہے جناب کیا فرماتے ہیں۔خاکسارعبد الکریم مکتوب نمبر۳ اس کا جواب جو حضرت اقدس کی طرف سے آیا وہ یہ ہے۔دراصل قیام کا ارادہ کو ئی مستقل نہیں ہے۔صرف ظنی… ہے۔ہم بغیر کسی کام کے تفریح خاطر کے لئے آئے ہیں۔شدت گرمی یا اور وجوہ کے باعث یا ارادہ بدلنے کے باعث ہم کوچ کرنے کو طیار ہیں۔آئندہ آپ کا اختیارہے۔ہمارا کوئی مستقل اور یقینی ارادہ نہیں ہے۔٭ والسلام خاکسار میرزا غلام احمد ٭ بدر نمبر۳۳ جلد ۳ مورخہ یکم ستمبر ۱۹۰۴ء صفحہ ۳