مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 38 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 38

مکتوب نمبر ۴ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ مکرمی اخویم قاضی ضیاء الدین صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کا پُردرد و غم خط مجھ کو ملا۔آپ صبر کریں جیسا کہ خدا تعالیٰ کے صابر و شاکر بندے صبر کرتے رہے ہیں خدا تعالیٰ ان غموں سے اور ان پریشانیوں سے نجات دے دے گا اور درود شریف بہت پڑھیں تا اُس کی برکات آپ پر نازل ہوں اس جگہ میں نے مطبع منگوایا ہے اس میں رسالہ دافع الوساوس چھپے گا اور انشاء اللہ عنقریب چھپنا شروع ہو جائے گا۔اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں۔اور اگر طبیعت پریشان ہے تو چند ماہ کے لئے میرے پاس آ جائیں۔زیادہ خیریت ہے۔٭ ۲۵؍ جون ۱۸۹۲ء والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان ---------- مندرجہ ذیل خطوط عالی جناب سیدنا مسیح الزّمان و مہدی دوراں حضرت اقدس مرزا غلام احمد صاحب ایدہ اللہ الصمد نے ہمارے بھائی قاضی ضیاء الدین صاحب ساکن قاضی کوٹ کے نام اُن دنوں میں لکھے تھے جب کہ مخالفین اُن کو طرح طرح کی اذیتیں اور تکلیفیں دے رہے تھے۔مکتوب نمبر دوم کے مطالعہ سے ہمارے ناظرین کو خصوصاً معلوم ہوگا۔کہ یہ گرامی نامہ ایک جلیل القدر پیش گوئی پر مشتمل ہے۔جس کو ہم نے جلی قلم سے شائع کیا ہے۔ایڈیٹر۔٭ الحکم نمبر۳۲ جلد۲ مورخہ ۲۲؍اکتوبر ۹۸ء صفحہ۳