مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 131
حضرت سید تفضل حسین صاحبؓ اکسٹرا اسسٹنٹ علی گڑھ ضلع فرخ آباد حضرت مولوی سید تفضل حسین رضی اللہ عنہ کا اصل وطن اٹاوہ تھا۔آپ کے والد ایک بزرگ عارف باللہ مولوی الطاف حسین مرحوم کے خلف الرشید تھے۔آپ فطرتاً صالحیت اپنے اندر رکھتے تھے۔جس زمانہ میں آپ تحصیلدار تھے تو آپ کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب ’’براہین احمدیہ‘‘ کے ساتھ خاص عقیدت تھی۔وہ کئی مرتبہ حضرت اقدسؑ کی خدمت میں علی گڑھ تشریف لانے کی درخواست کر چکے تھے جسے حضور ؑ نے قبول فرمایا۔حضور اپنے اس سفر میں حضرت سید صاحب کی خدمت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔’’حبی فی اللہ مولوی محمد تفضل حسین صاحب … یہ عاجز جب علیگڑھ میں گیا تھا تو درحقیقت مولوی صاحب ہی میرے جانے کا باعث ہوئے تھے۔اور اس قدر انہوں نے خدمت کی کہ میں اس کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا۔…‘‘ (ازالہ اوہام روحانی خزائن جلد۳ صفحہ ۵۴۳) حضرت اقدس ؑ اپریل ۱۸۸۹ء میں لدھیانہ سے علی گڑھ تشریف لے گئے۔اس سفر میں حضور ؑ کے ہمراہ آپ کے خدام میں حضرت مولوی عبد اللہ سنوریؓ اور حضرت حافظ حامد علی ؓبھی تھے۔حضرت اقدس ؑ سید محمد تفضل حسین صاحب (تحصیلدار) کے ہاں ٹھہرے۔جو ان دنوں دفتر ضلع میں سپرنٹنڈنٹ تھے۔